صباء قمر،بلال سعید کی بریت درخواستیں خارج، فردجرم کیلئے 16مارچ کوطلب 

صباء قمر،بلال سعید کی بریت درخواستیں خارج، فردجرم کیلئے 16مارچ کوطلب 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگار)جوڈیشل مجسٹریٹ ثروت بتول نے مسجد وزیر خان کا تقدس پامال کرنے پر صباء قمر اور بلال سعید کی بریت کی درخواستیں خارج کردیں،عدالت نے ملزموں کو فردجرم کے لئے 16مارچ کو طلب کرلیاہے،عدالت نے بریت کی درخواستوں پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا،اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید کے وکلاء نے بریت کی درخواستوں پر دلائل دیتے ہوئے کہا کہ وقوعہ کے 10 دن بعد مقدمہ درج کیا گیا،جسٹس آف پیس کے اندراج مقدمہ کی درخواست پر مقدمہ درج کرنے کے حکم پر مقدمہ درج کیا گیا،محکمہ اوقاف کی انکوائری رپورٹ بھی ملزموں کے حق میں ہے، اوقاف کے ریجنل مینجر اخلاق احمد نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ مسجد وزیر خان میں کوئی غیراخلاقی عمل نہیں ہوا،ڈرامہ کی عکس بندی کے دوران کوئی غیر اخلاقی لباس زیب تن کیا گیا اورنہ ہی کوئی غیر اخلاقی حرکت کی گئی۔
 پراسیکیوٹر کی جانب سے عدالت کوبتایا گیا کہ ملزموں کے ڈانس کی ویڈیو الیکٹرانک ڈیوائس میں بطور ثبوت موجود ہے،مسجد مسلمانوں کے عبادت کی جگہ ہے، ڈانس کرنے کی جگہ نہیں،مسجد میں ڈانس کر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا گیا،رنجیت سنگ کا مجسمہ توڑنے کا واقعہ ہوا تو سارے روشن خیال اکٹھے ہوگئے تھے،پراسیکیوشن کو ملزموں کے خلاف کیس کو ثابت کرنے کا واضح موقع دیا جائے،عدالت سے استدعا ہے کہ صبا قمر اور بلال سعید کی بریت کی درخواستیں مسترد کی جائیں،عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد مذکورہ بالافیصلہ سنادیاہے۔

مزید :

علاقائی -