جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر تمام سرکاری زمینیں ضرورت مندوں میں تقسیم کرے گی،سراج الحق

جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر تمام سرکاری زمینیں ضرورت مندوں میں تقسیم کرے ...
جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر تمام سرکاری زمینیں ضرورت مندوں میں تقسیم کرے گی،سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ڈیرہ اللہ یار (ڈیلی پاکستان آن لائن) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمران سن لیں اب وہ ملک میں اسلامی جمہوری انقلاب کا راستہ نہیں روک سکتے۔ پی ٹی آئی،( ن) لیگ اور پی پی والے جتنی بھی امریکی وفاداری کریں، قوم انہیں اب قبول کرنے کو تیار نہیں۔ جلسے جلوسوں پر سرکاری وسائل خرچ کر کے اور لوگوں کو پیسے دے کر لانے والے جان لیں، قوم آپ سے تنگ آ چکی ہے۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر تمام سرکاری زمینیں ضرورت مندوں میں تقسیم کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مہنگائی، بے روزگاری اور بدعنوانی کے خلاف اوستہ محمد چوک ڈیرہ اللہ یار بلوچستان میں احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی بلوچستان عبدالحق ہاشمی اور سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی بلوچستان مولانا ہدایت الرحمان بھی امیر جماعت کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر بگٹی، مری اور دیگر قبائل کے نوجوانوں کی کثیر تعدادنے جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی۔ امیر جماعت نے نئے آنے والوں کو جماعت اسلامی کا حصہ بننے پر مبارک باد دی۔ انہوں نے 4مارچ کو سکھر، 5کو فیصل آباد اور 6مارچ کو ڈیرہ غازی خان میں دھرنے کا اعلان بھی کیا۔

اس موقع پر سراج الحق کا کہنا تھا کہ تینوں بڑی پارٹیوں اور جرنیلوں نے بار بار حکومت کی، مگر کسی نے غریب کے بچے کو عزت نہیں دی۔ حکمران طبقہ ظالم ، عوام مظلوم ہے، اب مظلوموں کا دور آنے والا ہے۔ ملک میں غربت، کرپشن اور لاقانونیت کے خاتمے کے لیے اسلامی نظام ضروری ہے۔ قوم ایک موقع جماعت اسلامی کو دینا چاہتی ہے، سٹیٹس کو کے علمبردار جتنی بھی کوشش کرلیں انہیں روک نہیں سکتے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو ریموٹ کنٹرول کے ذریعے چلایا جا رہا ہے۔ صوبے میں حقیقی قیادت کا فقدان ہے اور یہاں حکمرانوں کو اوپر سے مسلط کیا جاتا ہے۔ بلوچستان کو گریٹ گیم کا حصہ نہ بنایا جائے، دشمن کی نظریں صوبے کے وسائل پر ہیں۔ بلوچستان کے 29لاکھ بچوں میں سے 22لاکھ تعلیم کی سہولت سے محروم، پورے صوبے میں صرف 97کالجز ہیں۔ صوبے کے عوام کی روزانہ فی کس آمدنی ایک ڈالر سے بھی کم ہے جب کہ  68فیصد لوگ صحت کی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ بلوچستان کے غیور اور غیرت مند عوام کو وسائل سے دور رکھا گیا۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ ایک آدمی کے پاس لاکھوں ایکڑ زمین ہے اور دوسرا 5 مرلے کے گھر سے بھی محروم، یہ کہاں کا انصاف ہے۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر تمام سرکاری زمینیں ضرورت مندوں میں تقسیم کرے گی۔ ہم لوگوں کو روزگار دیں گے۔ جماعت اسلامی عدالتوں میں انگریزوں کے نظام کی بجائے قرآن کا نظام لائے گی۔