ایشائی ترقیاتی بینک کے بورڈ آفگورنرزکا 50واں اجلاس کل ہوگا

ایشائی ترقیاتی بینک کے بورڈ آفگورنرزکا 50واں اجلاس کل ہوگا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

یوکوہاما (اے پی پی) جاپان کے شہر یوکوہاما میں ایشائی ترقیاتی بینک کے بورڈ آف گورنرز کے 50ویں اعلیٰ سطحی اجلاس میں دنیا بھر کے وفود شرکت کریں گے۔ یہ اجلاس 4سے 7مئی کو ہو گا۔ اس سال گولڈن جوبلی اجلاس کا موضوع مل جل کر ایشیاء کی خوشحالی ہے ۔ اجلاس میں ایشیاء اور بحر الکاہل کے خطہ میں علاقائی تعاون ، تجارت ، مالیاتی اور اقتصادی روابط کے ایشوز کاجائزہ لیاجائے گا۔ علاوہ ازیں چھوٹے اور درمیانے درجے کی تجارت ، سرمایہ کاری،پائیداری، جامع شہروں اور روزگار جیسے امور زیر غور آئیں گے ۔ اجلاس میں تین ہزارسے زائد وفود شرکت کررہے ہیں جو ایک بڑا فورم ہے جہاں ایشیا ء اور بحر الکاہل کو درپیش معاشی و ترقیاتی ایشوز پر بھی غور وغوض ہو گا ۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار ایشیائی ترقیاتی بینک کے بورڈ آف گورنرزکے 50ویں سالانہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر آسیان اور تین دیگر ممالک کے وزرائے خزانہ کا بھی اجلاس ہو گا ۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر تاکی ہیکو نکاؤ چارمئی کوافتتاحی اور سات مئی کو اختتامی پریس کانفرنسز کریں گے۔ یوکوہاما میں چیف اکانومسٹ کی جانب سے بریفنگ کے علاوہ سالانہ اجلاس کے دوران پر عزم شہروں ، ترقیاتی ذرائع اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق 2سیمینارز بھی ہوں گے۔ پرنسپل ڈائریکٹر اور محکمہ خارجہ تعلقات کے ڈائریکٹر ایشیائی ترقیاتی بینک کے سالانہ اجلاس، شہری پروگرام اور ماحولیاتی تبدیلی کے پروگراموں سے متعلق بریفنگ دیں گے۔

علاوہ ازیں ایشائی ترقیاتی بینک کی 50سالہ کارکردگی اور مستقبل کے پروگراموں کے متعلق ایک ادارہ جاتی اجلاس بھی ہو گا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے اپنے قیام کے 50سال کے حوالے سے مختلف سرگرمیوں اور پروگراموں کا اہتمام کیا ہے جس کے دوران اس کے قرضہ جاتی پروگرام کے ذریعے مختلف ممالک کی کامیاب ترقی کے متعلق آگاہ کیاجائے گا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک جو ایک بین الاقوامی ترقیاتی مالیاتی ادارہ ہے، پاکستان کا بڑا ترقیاتی شراکت دار ہے جس نے 27ارب ڈالر سے زائد کے قرضے اور 531ملین ڈالر کی گرانٹ جاری کی ۔ 1966ء سے لے کر اب تک ایشیائی ترقیاتی بینک اور پاکستان کی ترقیاتی شراکت داری کے کئی اہم سنگ میل ہیں جن میں آئی ڈی بی پی، تربیلاہائیڈرو پاور ، پورٹ قاسم توسیعی منصوبہ ، چشمہ رائٹ بینک ، آبپاشی منصوبہ، غازی بروتھا ہائیڈروپاور پراجیکٹ ، مالا کنڈ رورل پروجیکٹ، مالیاتی منڈیاں اور گورننس پراجیکٹ کے لئے قرضہ جاتی پروگرام شامل ہیں۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے قرضے اور امداد کے دیگر اہم منصوبوں میں پرائمری ایجوکیشن گرلز سیکٹر پروگرام ، انصاف تک رسائی کا پروگرام، زلزلہ ہنگامی امدادی پروگرام ، نیشنل ٹریڈ کوریڈور ہائی وے، فلور ایمرجنسی ری کنسٹرکشن پراجیکٹ ، پنجاب ایریگیٹڈ ایگریکلچرل انویسٹ منٹ پراجیکٹ ، سوشل پروٹیکشن ڈویلپمنٹ پروگرام، سی اے آر سی امپروونگ بارڈر سروسز پراجیکٹ لون شامل ہیں۔ ایشائی ترقیاتی بینک کے قرضوں کے پروگرام اور مالیاتی امداد سے شہریوں کی زندگیوں میں بہتری ، بجلی کا بہتر انفراسٹرکچر ، خوراک کے تحفظ کے پروگرام کی بہتری، ٹھوس علاقائی نیٹ ورک کافروغ ، اور ماحولیاتی چیلنجوں کے حل کے لئے خطے کی امداد شامل ہے۔ بینک پاکستان کی سماجی واقتصادی ترقی میں ایک اہم مالیاتی اور علمی شراکت داری کا حامل ہے جو غربت کے خاتمے بہتر ماحولیات اور جامع ترقی کے ذریعے ایشیاء اور بحر الکاہل کی ترقی کے لئے اہمیت کاحامل ہوگا۔ بینک کے صدر تاکی ہیکو نکاؤ نے کہاکہ ایشیائی ترقیاتی بینک ایک پائیدار اورفعال ایشیاء اور بحرالکاہل کے خطے کی تعمیر کے لئے اپنا اہم کردار جاری رکھے گا۔

مزید :

کامرس -