اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کیخلاف دائر درخواست پر فیصلہ سنا دیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کیخلاف دائر درخواست پر فیصلہ سنا دیا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی تعیناتی کیخلاف دائر درخواست خارج کردی گئی،عدالت نے آج صبح دلائل کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا، درخواستگزاراکمل خان نے سردار لطیف کھوسہ کے ذریعے درخواست دائر کی تھی۔
قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی تعیناتی کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی،چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست گزار اکرم باری کی درخواست پر سماعت کی،وکیل درخواستگزار نے کہاکہ سکندر سلطان راجہ جب تعینات ہوئے تب حاضر سروس بیوروکریٹ تھے،سپریم کورٹ فیصلے کے مطابق سینئر سول سرونٹ کو تعینات نہیں کیا جا سکتا، چیف الیکشن کمشنر حاضر سروس ملازم ہیں۔
الیکشن کمیشن کے وکیل بغیر نوٹس روسٹرم پر آ گئے ،وکیل الیکشن کمیشن نے کہاکہ میرے پاس چیف الیکشن کمشنر بننے سے قبل ریٹائرمنٹ کا نوٹیفکیشن ہے،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہاکہ آپ کو بلایا ہی نہیں اور نہ نوٹس ہوئے ابھی ،چیف جسٹس نے وکیل الیکشن کمیشن سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ لگتا ہے آپ کو بہت جلدی ہے۔
وکیل نے کہاکہ 24جنوری 2020کو چیف الیکشن کمشنر بنایا گیا،وہ نومبر2019میں ریٹائرڈ ہو چکے تھے،چیف جسٹس نے کہاکہ او کے شکریہ، اس کو دیکھ لیتے ہیں،اسلام آبادہائیکورٹ نے دلائل کے بعد درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔