کینالز کے مسئلے پر پیپلزپارٹی کے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے: وزیراعلیٰ سندھ

سکھر (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کینالز کے مسئلے پر پیپلزپارٹی کے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، ہم کینال کے خلاف کھڑے ہیں، آئین کہتاہے صوبوں کے اتفاق تک پانی کامنصوبہ نہیں بن سکتا، انہوں نے واضح کیا کہ کوئی منصوبہ بنانےکی سوچ پرتوپابندی نہیں لگائی جاسکتی۔
ڈان نیوز کے مطابق سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ جولائی کے منٹس آئے اور پروپیگنڈا کیا گیا کہ صدر مملکت نے منظوری دے دی، کچھ لوگ پروپیگنڈا کرنے میں بہت تیز ہیں،صدر مملکت نے پارلیمنٹ میں کہاکہ ان منصوبوں کی حمایت نہیں کرسکتا، صدر مملکت نے اس معاملے پر کسی سمری پر دستخط نہیں کئے۔
انہوں نے واضح کیا کہ صدر مملکت کسی منصوبے کی منظوری دے ہی نہیں سکتے، پانی کا معاملہ سی سی آئی میں جاتاہے،صوبوں کی مشاورت ہوتی ہے، ہم نے ہر چیز دیکھ کر بتادیا کہ یہ منصوبہ غلط ہے، پانی کاکوئی بھی منصوبہ صوبوں کے اتفاق کے بغیر نہیں بن سکتا۔
انہوں نے کہاکہ صدرمملکت کے پاس کسی کو کام سے روکنے کا اختیار نہیں، صدرمملکت نے کسی سمری پر دستخط کئے نہ ہی اپروول دی، سندھ کو کوئی تکلیف نہیں ہونے دیں گے۔