دیامر میں سکول نذر آتش کرنےکے خلاف6مختلف تھانوں میں انسداد دہشتگری ایکٹ کے تحت مقدمات درج،گرفتار ملزموں کی تعداد 10 ہو گئی
دیامر (ڈیلی پاکستان آن لائن )گلگت بلتستان کےضلع دیامر میں سکولوں کو جلانے کے واقعات میں دیامر پولیس نے 6 مختلف تھانوں میں انسداد دہشتگری ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے ہیں جس میں پولیس نے پندرہ ملزمان کو نامزد کیا ہے جبکہ اب تک گرفتار ہونے والے ملزموں کی تعداد دس ہو گئی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پولیس نے نامزد ملزمان کی گرفتاری کیلئے دیامر جرگہ سے مدد طلب کرلی ہے اور ہفتے کے روز چلاس میں دیامر جرگہ کے ہنگامی اجلاس میں پولیس نے ملزمان کی لسٹ جرگے کے حوالے کردی ہے۔ دیامر جرگہ نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس سے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دھانی کرائی ہے۔دوسری طرف دیامر پولیس نے داریل اور تانگیر میں سکولوں کو جلانے کے واقعات میں دس مشتبہ ملزمان کو گرفتار کر کے تھانوں میں منتقل کردیا ہے اور مشتبہ ملزمان سے تفتیش شروع کردی ہے۔ رات گئے چیف سکریٹری گلگت بلتستان بابر حیات تارڈ نے دیامر کا دورہ کیا اور جلائے گئے سکولوں کا جائزہ لیا ،انہوں نے عوام کی جانب سے واقعہ کے خلاف احتجاج کو سراہا اور کہا کہ ملزمان کو ہر صورت گرفتار کیا جائے گا۔