میری جیب سے پیسہ نہیں جا رہا، عوام کا پیسہ ہے عوام پر لگ رہا ہے:مریم نواز

میری جیب سے پیسہ نہیں جا رہا، عوام کا پیسہ ہے عوام پر لگ رہا ہے:مریم نواز
میری جیب سے پیسہ نہیں جا رہا، عوام کا پیسہ ہے عوام پر لگ رہا ہے:مریم نواز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ کسی کا تعلق ن لیگ سے نہ بھی ہو بلاتفریق سکالرشپ ملے گا۔ میری جیب سے پیسہ نہیں جا رہا، عوام کا پیسہ ہے عوام پر لگ رہا ہے۔
لاہور میں ہونہار سکالر شپ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ میرے بھی3 بچے ہیں جو ان کےلئے سوچتی ہوں وہ ہی آپ کےلئے سوچتی ہوں۔آپ کے والدین بہتر تعلیم دینے کےلئے دن رات کام کرتے ہیں، آپ کی تعلیم آپ کے ماں باپ سے زیادہ مریم نواز کی ذمہ داری ہے۔ یہ صرف سکالر شپ نہیں، یہ آپ کی محنت کو تسلیم کرنا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ آج میں سیاسی لیڈر یا وزیراعلیٰ نہیں بطور ماں آپ سے مخاطب ہوں۔ ریاست کو ماں کی طرح ہونا چاہئے۔ پنجاب کا کوئی بچہ فیس نہ ہونے کی وجہ سے اعلیٰ تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔ جو اپنے بچوں کےلئے سوچتی ہوں وہ ہی پنجاب کے بچوں کےلئے سوچتی ہوں۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ 30 ہزار سکالر شپس کےلئے 70 ہزار درخواستیں آئیں۔ سکالرشپ کے اجراu میں ایک دن کی بھی تاخیر نہیں چاہتی تھی۔ طلباء کا خواب اب میرا خواب اور میری ذمہ داری بن گیا ہے۔ 60 فی صد سکالرشپس طالبات کو مل رہے ہیں، 30 ہزار سکالرشپس میں سے 18 ہزار لڑکیاں، 12 ہزار لڑکے ہیں۔ تمام سکالرشپس سو فیصد میرٹ پر دی گئیں۔ کسی کا تعلق (ن) لیگ سے نہ بھی ہو بلاتفریق سکالرشپ ملے گا۔ 10 مہینے کے دوران میں نے ایک بھی تقرری میرٹ سے ہٹ کر نہیں کی۔ پنجاب کے تمام اضلاع میں کوئی تعیناتی بغیر میرٹ کے نہیں کی گئی۔
مریم نواز نے کہا کہ طلباء کے لئے بہت جلد لیپ ٹاپس بھی لارہی ہوں۔ لیپ ٹاپ ہو یا دوسری چیز طلباء کی تمام ذمہ داری اٹھائیں گے۔ سیاست دان اور لیڈر کی پہچان یہ نہیں کہ کتنے بڑے عہدے پر ہے یا اچھی تقریر کرلے۔ سیاستدان اور لیڈر کی پہچان یہ ہے کہ وہ آنے والی نسلوں میں کتنی سرمایہ کاری کرتے ہیں۔ چاہتی ہوں کہ تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم اور کوالٹی ٹیچنگ ہو۔ وعدہ ہے کہ یونیورسٹی اور کالجز میں تعلیمی معیار کو بہتر کرکے جائیں گے۔ کوشش ہے کہ دنیا بھر کی معروف یونیورسٹیوں کے کیمپس یہاں لائیں۔ 


انہوں نے کہا کہ اگر آپ کو ٹرانسپورٹ کےلئے ای بائیکس کی ضرورت پڑی تو وہ بھی میں دوں گی۔ پنجاب کے طلبا ءکےلئے جلد لیب ٹاپ سکیم لے کر آرہی ہوں۔ میرے تمام منصوبوں کا فوکس پنجاب کے طلباءاور طالبات ہیں۔ہم نے ہر جگہ ہزاروں انٹرنز 60 ہزار روپے ماہانہ پر رکھے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میں نواز شریف کی بیٹی ہوں وعدہ ضرور پورا کرتی ہوں۔ جو سکالرشپ آپ کو ملا ہے یہ آپ پر کوئی احسان نہیں۔ یہ سکالرشپ آپ نے اپنی محنت سے حاصل کیاہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میری جیب سے نہیں جا رہا، عوام کا پیسہ ہے عوام پر لگ رہا ہے۔ عوام کا پیسہ پہلی حکومتوں کے پاس بھی تو تھا۔
انکا کہنا تھا کہ پاکستان کی سب سے بڑی نعمت 65 فیصد یوتھ ہے، جو محنت ہم باہر جا کر کرتے ہیں اپنے ملک میں کریں تو سوچو ہمارا ملک کتنا ترقی کرے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آپ کے ہاتھ میں بندوق، غلیل، پتھر، کیلوں والے ڈنڈے پاکستان کا چہرہ نہیں ہو سکتا، یہ چہرہ یونیورسٹیز میں پڑھتا اچھا لگتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اپنے بچوں کو سیف جگہ پر بٹھایا ہوا ہے، ان پر آنچ بھی نہیں آ سکتی۔ بیلاروس کے صدر پاکستان آئے ہوئے تھے، وہ کیا چہرہ دیکھ کر گئے ہیں پاکستان کا؟ میں نے منع کیا تھا کہ آگے سے گولی نہیں چلانی۔