نوشکی:زارو کے مقام پر باراتیوں کی لاپتہ 6بسوں کا پتہ لگا لیا گیا،ایک بچہ جاں بحق
نوشکی(ڈیلی پاکستان آن لائن)زارو کے مقام پر دلہا اور دلہن سمیت لاپتہ باراتیوں کی 6 بسوں کا پتہ لگا لیا گیا ہےجبکہ باراتیوں میں شامل ایک بچہ جاں بحق ہوگیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نوشکی کےمطابق بسیں بٹی کے مقام پر پھنسی ہوئیں ہیں۔تفصیلات کےمطابق باراتیوں سے بھری بسیں چاغی سے نوشکی آرہی تھیں۔لیویز ذرائع کے مطابق بسوں میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد شامل ہے۔ قافلے کی تلاش کیلئے لیویز،ایف سی اور پولیس جائے وقوعہ روانہ ہوگئیں ہیں۔خاندانی ذرائع کے مطابق باراتیوں کا پاک افغان بارڈر زاروچہ سے رابطہ منقطع ہواتھا۔
مزید تفصیلات کے مطابق گذشتہ رات کو چاغی سے نوشکی آنے والی بارات شدید بارشوں اور برف باری کی وجہ سے بٹی کے مقام پر پھنس گئی ۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق انتظامیہ اور ایف سی کی ٹیمیں بٹی روانہ ہوگئیں ہیں مگر کچا علاقہ ہے اور بارشوں کے باعث کیچڑ زیادہ ہے جس کی وجہ سے باراتیوں تک پہنچنے کیلئے ریسکیوں ٹیموں کو پہنچنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔مقامی کونسلر کے مطابق باراتیوں کو ریسکیوکرنے کیلئے ہیلی کاپٹر کی مدد درکار ہے مگر بارش کے باعث ہیلی کاپٹر جائے وقوعہ پر نہیں پہنچ سکتا جبکہ زمینی راستے کے ذریعے بسوں کو وہاں سے نکالنا مشکل ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق ریسکیو ٹیمیں مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے پیدل جائے وقوعہ تک پہنچ گئیں ہیں اور بسوں کو کیچڑ سے نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
TapMad نے ہمہ وقت سرگرم رہنے والوں کے لئے انٹرٹینمنٹ کی نئی دنیا متعارف کروادی،پڑھنے کیلئے کلک کریں