یوزویندر چہل اور دھنا شری ورما کے درمیان علیٰحدگی کی افواہیں، انسٹاگرام پر ایک دوسرے کو اَن فالو کر دیا
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی کرکٹر یوزویندر چہل اور ان کی اہلیہ اداکارہ اور کوریوگرافر دھنا شری ورما حالیہ دنوں اپنی طلاق سے متعلق افواہوں کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔ ان افواہوں کے بیچ دونوں نے انسٹاگرام پر ایک دوسرے کو اَن فالو کر دیا ہے، جبکہ چہل نے دھنا شری کے ساتھ اپنی تمام تصاویر بھی ڈیلیٹ کر دی ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا کے ذرائع کے مطابق دونوں کے درمیان طلاق کی افواہیں درست ہیں۔ ایک قریبی ذریعے نے بتایا "طلاق ناگزیر ہے اور صرف وقت کا سوال ہے کہ یہ کب آفیشل ہوتا ہے ۔ علیٰحدگی کی وجوہات فی الحال واضح نہیں ہیں، لیکن یہ بات یقینی ہے کہ دونوں اپنی زندگیوں میں آگے بڑھنے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔"
سنہ 2023 میں طلاق کی افواہوں نے اس وقت زور پکڑا جب دھنا شری نے انسٹاگرام پر اپنے نام سے "چہل" ہٹا دیا۔ یہ تبدیلی یوزویندر کے ایک پراسرار انسٹاگرام سٹوری کے ایک دن بعد سامنے آئی، جس میں انہوں نے لکھا تھا "نئی زندگی شروع ہونے والی ہے۔" اس وقت چہل نے ان افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے اپنے مداحوں سے اپیل کی تھی کہ ان کے رشتے کے بارے میں افواہوں پر یقین نہ کریں اور نہ ہی انہیں پھیلائیں۔
دھنا شری ورما اور یوزویندر چہل نے 11 دسمبر 2020 کو شادی کی تھی۔ ان کی محبت کی کہانی کے بارے میں دھنا شری نے مشہور شو "جھلک دکھلا جا 11" میں بتایا "لاک ڈاؤن کے دوران، کوئی میچز نہیں ہو رہے تھے اور تمام کرکٹرز گھروں پر بیٹھ کر بور ہو رہے تھے۔ اس وقت یوزویندر نے ایک دن فیصلہ کیا کہ وہ ڈانس سیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے میرے ڈانس ویڈیوز سوشل میڈیا پر دیکھے تھے اور اس وقت میں ڈانس سکھایا کرتی تھی۔ یوزویندر نے مجھ سے رابطہ کیا کہ میں ان کو سکھاؤں اور میں نے حامی بھر لی۔اس کے بعد ہی دونوں میں قربتیں بڑھیں۔"
اگرچہ دھنا شری نے انسٹاگرام پر چہل کے ساتھ تصاویر ڈیلیٹ نہیں کیں، لیکن دونوں کے اَن فالو کرنے اور چہل کی تصاویر ڈیلیٹ کرنے نے مداحوں کے درمیان قیاس آرائیوں کو مزید بڑھاوا دیا ہے۔