پاکستان میں سٹارلنک انٹرنیٹ سروس سے متعلق ایلون مسک کا بیان
نیو یارک(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان میں سٹارلنک انٹرنیٹ سروس لینے سے متعلق حکومتی فیصلے پر ایلون مسک کا ردعمل سامنے آگیا۔
پاکستانی سوشل میڈیا صارف کے خیرمقدمی بیان پر ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سی ای او ایلون مسک نےکہا کہ سٹار لنک سروس کے لیے حکومت پاکستان کی منظوری کے منتظر ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کے اجلاس میں وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نےکہا تھا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ایلون مسک کی سیٹلائٹ کمپنی اسٹار لنک کو پاکستان لے آئیں۔
یاد رہےکہ تین سال قبل ایلون مسک کی کمپنی سٹار لنک کے وفد نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور اس وقت کے وفاقی وزیرانفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق سے ملاقات کی تھی۔اس موقع پر وفاقی وزیر امین الحق کا کہنا تھا کہ منصوبے سے نہ صرف ان علاقوں کو فائدہ ہو گا جہاں انٹرنیٹ کی سہولت موجود نہیں ہے بلکہ براڈ بینڈ سے ملک بھر کے 40 ہزار سکولوں اور کاروباری اداروں کو بھی آگے بڑھنے کے مواقع ملیں گا۔
واضح رہےکہ سٹارلنک سیٹلائٹ کے ذریعے ایسے علاقوں کو بھی انٹرنیٹ فراہم کرتی ہے جہاں یہ سہولت یا تو میسر نہیں ہے یا پھر اس کی رفتار بے حد سست ہے۔