وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم کو کس معاملے پرخط لکھ ڈالا ؟ جانیے
کراچی(نیوز ڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیر اعظم شہباز شریف سے سندھ کی سرکاری جامعات کے لیے فنڈنگ کو بحال کرنے اور بڑھانے کے لیے فوری اپیل کردی ہے اپنے خط میں انھوں نے وزیر اعظم سے کہا ہے کہ مجھے سرکاری جامعات کے لیے فنڈز صرف وفاقی اداروں تک محدود کرنے کے فیصلے پر گہری تشویش ہے جس کا اظہار میں یہ خط لکھ کر کررہا ہوں۔ اس فیصلے نے سندھ کی جامعات پر ایک اہم بوجھ ڈالا ہے، جس سے ہمارے طلباء کے تعلیمی نتائج اور ہمارے صوبے کی مجموعی ترقی پر منفی اثر پڑا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے خط میں کہا کہ میں یہ بتانا چاہوں گا کہ حکومت سندھ نے سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے ذریعے اعلیٰ تعلیم کے لیے غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے رواں مالی سال میں 22 ارب روپے کی بار گرانٹ مختص کی ہے۔تاہم، صوبائی جامعات کی فنڈنگ روکنے کے حالیہ فیصلے کے ساتھ ساتھ فیڈرل ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے بجٹ میں 65 ارب روپے کے بجٹ میں زبردست کمی کی کرکے اسے 25 ارب کردیا گیا ہے جس کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وفاقی جامعات کے لیے خصوصی طور پر وفاقی فنڈز محفوظ کرنے سے، صوبائی جامعات خود کو ایک نازک صورتحال میں پاتی ہیں اور اب انہیں ایک مشکل صورتحال کا سامنا ہے یا تو طلباء کی فیسوں میں اضافہ کریں یا فنڈنگ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ضروری سہولیات کو کم کریں۔
خط کے آخر میں مراد علی شاہ نے وزیر اعظم سے کہا ہے کہ "عوامی اہمیت کے اس اہم معاملے پر آپ کے مثبت ردعمل کا پوری شدت سے انتظار ہے"۔
یاد رہے کہ چند روز قبل چیئرمین سندھ ایچ ای سی ڈاکٹر طارق رفیع نے وزیر اعلی سندھ سے ایک خط میں درخواست کی تھی وہ صوبے کی جامعات کی گرانٹ بند کرنے اور گرانٹ کو بڑھانے کے لیے وزیر اعظم سے رابطہ کریں۔