عرب دنیا کی سب سے طاقتور خاتون کو گرفتار کرلیا گیا کیونکہ۔۔۔
بیروت(مانیٹرنگ ڈیسک) میجر سوزان الحاج ہوبیشی لبنان کی طاقتور ترین خاتون تھیں جو چند ہفتے قبل اس وقت زیرعتاب آئیں جب انہوں نے سعودی عرب میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت کے حوالے سے ایک ٹویٹ کو لائیک کیا۔ اس حرکت پر انہیں نوکری سے فارغ کر دیا گیا تھا اور اب انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق سوزان الحاج کی گرفتاری اس الزام کے تحت عمل میں آئی ہے کہ دوران ڈیوٹی انہوں نے لبنانی اداکار زید عطانی سے تفتیش کی تھی اور ان کے متعلق غلط بیان کرتے ہوئے رپورٹ میں بتایا کہ وہ اسرائیل کے لیے جاسوس کر رہے ہیں۔
میجرسوزان نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ ”اداکارہ زید عطانی لبنانی سیاستدانوں اور صحافیوں کے متعلق اسرائیل کو معلومات فراہم کرتے رہے ہیں۔“ تاہم اب میجر سوزان کے یہ الزامات غلط ثابت ہو گئے ہیں جس پر اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس گرفتاری پر لبنانی سیاستدانوں اور میڈیا کی طرف سے سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ”حکومت اس کیس کو ’مس ہینڈل ‘ کرکے ایک بڑے سکیورٹی سکینڈل کو جنم دے رہی ہے ۔“اس حوالے سے لبنانی وزیرداخلہ نوحد المشنوک کا بیان سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ”پوری قوم زید عطانی سے معافی مانگتی ہے۔ ان کے خلاف میجر سوزان کے الزامات غلط ثابت ہوئے ہیں۔ ہمیں زید عطانی پر اور ان کی حب الوطنی پر فخر ہے۔“