نبی مہربان ﷺ کی حرمت پر ہزاروں حکومتیں قربان ، اغیار کی سازشوں کا شکار نہ ہوں : احسن اقبال
ناروال (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ختم نبوتﷺ کے مسئلے پر قوم کو تسلیم نہیں کرنا چاہیے، جو لوگ احتجاجی مظاہرے کر رہے ہیں وہ اسلام کی خدمت نہیں کر رہے بلکہ بیرونی طاقتوں کی سازشوں کا شکار ہو چکے ہیں ، حکومت نے ختم نبوت ﷺ کے قانون میں کسی بھی قسم کی ترمیم نہیں کی گئی ، ناموس رسالت ﷺ پر ایک نہیں ہزاروں حکومتیں قربان کردیں گے ، علمائے کرام کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ احتجاج کی بجائے مذاکرات کریں ہم ان کی تسلی کرانے کو تیار ہیں ۔
ڈان لیکس کے معاملےپر کسی مرحلے میں مریم نواز کا نام نہیں آیا :چودھری نثار
ناروال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ چند علمائے کرام ختم نبوت ﷺ کے معاملے پر بے بنیاد پروپیگنڈا کر تے ہوئے احتجاجی مارچ کی دھمکیاں دے رہے ہیں، اس وقت پاکستان کے دشمن ممالک چاہتے ہیں سارے پاکستان بالخصوص پاکستان میں ایسی کوئی مہم جوئی ہو اور وہ اس کی تصویریں لگا کر دنیا بھر کو پیغام دے سکیں کہ پاکستان ایک غیر محفوظ ملک ہے اور اس میں مذہبی انتہا پسندی عروج پر ہے ، ہمیں کسی بین الاقوامی سازش کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔ کسی فرد کو یہ اختیار نہیں کہ وہ کلمہ گو مسلمان کے ایمان کو چیلنج کرتے ہوئے اس پر کفر کے فتوے دے اور اسے واجب القتل قرار دے، یہ اختیار ریاست کا ہے اور ریاست ہی کو اس بارے میں فیصلہ کرنا چاہیے۔ختم نبوت ﷺ کے معاملے کو سیاست کے لئے استعمال کرکے معاملات کو گھمیبر بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ، ہمیں باہم یکجان ہو کر ملک دشمنوں کی سازشوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔