رائیونڈ اجتماع اور سموگ

رائیونڈ اجتماع اور سموگ
رائیونڈ اجتماع اور سموگ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

تبلیغ اسلام اور دعوت حق کرنے والی تبلیغی جماعت کے سالانہ اجتماع کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر ہوگیا ہے۔رائیونڈ میں تبلیغی جماعت کے سالانہ اجتماع کا پہلا مرحلہ جمعرات سے شروع ہوا تھا جس میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے لاکھوں افراد نے شرکت کی، اجتماع کے اختتام پر اسلام کی سربلندی، پاکستان کی سلامتی اوراستحکام کے لئے خصوصی دعا مانگی گئی، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے، اجتماع کے اختتام کے بعد شرکا ء کی بڑی تعداد اپنے آبائی علاقوں کی جانب روانہ ہوگئی ہے جس کی وجہ سے گزشتہ روز رائیونڈ اور گرد و نواح کی سڑکوں پر ٹریفک کا شدید دباو رہا۔واضح رہے کہ تبلیغی اجتماع کا دوسرامرحلہ جمعرات سے شروع ہوگا جس میں سندھ، بلوچستان، قبائلی علاقہ جات اور آزادکشمیر سے لوگ شرکت کریں گے۔ڈی آئی جی آپریشنزفیصل کامران اجتماع پر مامور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے ساتھ خود نگرانی بھی کرتے رہے جبکہ چیف ٹریفک آفیسرزعمارہ اطہر اور ان کی ٹیم نے بھی جانفشانی سے کام کیا۔ اجتماع کے اختتام پرسی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے کہا کہ ویلڈن ٹیم مبین شہید۔سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے رائے ونڈ اجتماع کی ڈیوٹی کرنے والوں کو شاباش دی۔ لاہورپولیس کے سربراہ بلال صدیق کمیانہ کا کہناہے کہ لاہور پولیس کی موثرحکمت عملی سے رائے ونڈ تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ پر امن طور پر اختتام پذیر ہوا- انہوں نے رائیونڈ تبلیغی اجتماع کے پہلے مرحلے کے موقع پر شرکا ء  کو بہترین سکیورٹی فراہم کرنے پر ڈیوٹی پر تعینات افسران وجوانوں بالخصوص ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران اور چیف ٹریفک آفیسرز عمارہ اطہر کی تعریف کی سی سی پی او لاہور نے پولیس کے تمام یونٹس کی بہترین کوارڈنیشن اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لئے مربوط ٹریفک پلان تشکیل دینے، ڈولفن سکواڈ،پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے کیمروں کے ذریعے تمام سرگرمیوں تعاون پر علما ء_ کرام، شرکاء، منتظمین اور میڈیا کے کردار کو سراہا۔ خبر ہے کہ پنجاب حکومت نے لاہور میں سموگ کے پیش نظر پرائمری سکولوں کو 9نومبر تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ہواؤں کی رفتار اور رخ بدلنے کے نتیجے میں فضائی آلودگی میں اضافے کے بعد لاہور مضر صحت سموگ کی لپیٹ میں آگیا۔لاہور کا فضائی معیار آج انتہائی مضر صحت ہے۔ تمام تر اقدامات کے باوجود آلودگی میں کمی نہیں آرہی، تاہم پنجاب حکومت نے ہواوں کے رخ کی تبدیلی سے قطع نظر سموگ سے بچاؤاور آلودگی میں کمی کے اقدامات سختی سے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔واضح رہے کہ پنجاب میں سموگ کی روک تھام کے لیے گرین لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے جس کے تحت خصوصی بچوں کے سکولوں کو آن لائن کلاسز لینے کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ کئی دفاتر کو بھی گھروں سے کام کے احکامات جاری کیے ہیں۔ گرین لاک ڈاؤن والے علاقوں میں تعمیراتی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے، ان علاقوں میں موٹرسائیکل رکشوں کے چلنے پر بھی پابندی عائد ہے۔افسوس ناک امر یہ ہے کہ حکومت کے تمام تر دعووں کے باوجود فضائی اور ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والی شہر میں اب بھی فیکٹریوں کی درجنوں چمنیاں زہر آلود سیاہ دھواں اگل رہی ہیں۔ محکمہ ماحولیات کی روایتی غفلت یا مبینہ ملی بھگت کے باعث سموگ کا سبب بننے والے عناصر مسلسل فضا زہریلی کررہے ہیں وزیر اعلیٰ کی جانب سے کاشتکاروں کو تو فصلیں نہ جلانے کیلئے بار بار تنبیہہ کی جارہی ہے لیکن صنعتی یونٹس پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کریک ڈاؤن میں 1035 ملزم گرفتار، 1330 مقدمات درج ہوئے، لاہور میں کارروائیوں کے دوران 73 ملزم گرفتار، 184 مقدمات درج ہوئے ہیں۔ آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے شاہراہوں، انڈسٹریل ایریاز سمیت دیگر مقامات پر انسداد سموگ کریک ڈاون میں تیزی لانے کا حکم دے دیا ہے۔ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے ٹریفک پولیس اور پنجاب ہائی وے پٹرول شاہراہوں پر سموگ کا باعث بننے والی وہیکلز کے خلاف اقدامات میں تیزی لائیں۔آئی جی پولیس کی ہدایت پر سیف سٹیز کیمروں کی مانیٹرنگ سے زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی جا رہی ہے، رواں سال شاہراہوں پر زیادہ دھواں چھوڑنے پر 6 لاکھ 86 ہزار 691 گاڑیوں کے چالان کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں سموگ کا سبب بننے والی گاڑیوں، فیکٹریوں اور کھیتوں میں آگ لگانے پر فوری کارروائی کی جا رہی ہے۔خبر ہے کہ اے ایس پی سیدہ شہر بانو کو پاکستان ویمن ٹیم میں اہم عہدہ ملنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویمن ٹیم کی سربراہ کی تلاش شروع کری ہے جس کیلئے سابق ڈپٹی کمشنر لاہور مضبوط امیدوارتصور کی جارہی ہیں،سابق ڈپٹی کمشنر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے عبوری وزیراعلیٰ پنجاب کے دور میں کافی متحرک تھیں۔ ذرائع کے مطابق اے ایس پی شہربانو نقوی کے نام پر بھی غور کیا جا رہا ہے، خاتون اے ایس پی شہرت کی بلندیوں پر اس وقت پہنچیں جب رواں سال فروری میں انہوں نے لاہور کے اچھرہ بازار میں ہجوم کے حملے سے ایک خاتون کو بچایا تھا۔یاد رہے کہ پی سی بی میں خواتین کرکٹ کی سربراہ کا عہدہ اس وقت خالی ہوا جب تانیہ ملک نے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا،تانیہ ملک نے اکتوبر 2021 میں پی سی بی میں اپنے دورکا آغاز کیا تھا۔

مزید :

رائے -کالم -