اسلام آباد کے پارک میں فوٹو شوٹ کے دوران دولہا دلہن لٹ گئے

اسلام آباد کے پارک میں فوٹو شوٹ کے دوران دولہا دلہن لٹ گئے
اسلام آباد کے پارک میں فوٹو شوٹ کے دوران دولہا دلہن لٹ گئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ویب ڈیسک) شادی کا دن یادگار بنانے کے لیے مختلف رسومات و تقریبات کے علاوہ فوٹوگرافی کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے، آج کل یہ فوٹو شوٹز صرف شادی ہالز تک محدود نہیں رہے بلکہ  دولہادلہن  کسی اور خوبصورت مقام پر جاتے ہیں جہاں باقاعدہ پروفیشنل فوٹوگرافر سے تصویریں کھینچوائی جاتی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے ایک نوبیاہتا جوڑے کیلئے یہ تجربہ کچھ خوشگوار نہ رہا جنہوں نے فوٹو شوٹ کیلئے سیکٹر آئی ایٹ میں واقع کچنار پارک کا انتخاب کیا جہاں ہر دوسرے دن مختلف جوڑے تصویریں بنواتے نظر آتے ہیں۔یہ شادی شدہ جوڑا ایک روز قبل اپنی شادی کے دن تصویریں بنوانے کے لیے پارک میں موجود تھا، اس دوران موٹرسائیکل پر سوار ایک ڈاکو آیا اور دلہن سے تمام زیورات لوٹ لیے جبکہ دلہن اور دولہے کا موبائل فون بھی چھین لیا۔

ڈاکو نے دولہا دلہن کی تصویریں بنانے والے فوٹوگرافرز سے بھی 2 کیمرے چھین لیے اور اپنے ساتھی کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار ہوکر موقع سے فرار ہوگیا۔

'وی نیوز' کی رپورٹ کے مطابق پی ڈبلیو ڈی اسلام آباد کا رہائشی محمد حامد مظہر اپنی بہن، بہنوئی اور ایک چھوٹے بھائی کے ہمراہ ہفتے کے روز شام ساڑھے 4 بجے کچنار پارک میں فوٹو شوٹ کرا رہے تھے۔

اس دوران ایک نوجوان پینٹ شرٹ میں آیا اور پستول دکھا کر دلہن سے 20 ہزار مالیت کے آرٹیفیشل زیورات، دلہن، دولہے اور دلہن کے 2 بھائیوں کے 4 موبائل فون (مالیت1 لاکھ 85 ہزار) اور 2 پروفیشنل کیمرے چھین کر دور کھڑے اپنے ساتھی کے ساتھ موٹرسائیکل پر سوار ہوکر فرار ہوگیا۔

تھانہ انڈسٹریل ایریا آئی نائن کے ایس ایچ او کے مطابق پولیس نے کارروائی کرکے اتوار کو ان ڈکیتوں کو گرفتار کرلیا اور ان سے آرٹیفیشل زیورات، موبائل اور کیمرے برآمد کرلیے ہیں۔