سپریم کورٹ میں تطہیر بنت پاکستان سمیت اہم مقدمات کی سماعت آج ہو گی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) سپریم کورٹ میں آج تطہیر بنت پاکستان کیس سمیت اہم مقدمات کی سماعت ہوگی۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں قائم تین رکنی بنچ ان مقدمات کی سماعت کرے گی۔
عدالت سرکاری گھروں کی غیر قانونی الاٹمنٹ سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت کرے گی۔ اس مقدمہ میں اٹارنی جنرل، ایڈیشنل اٹارنی جنرل سمیت چاروں صوبوں کے ایڈووکیٹ جنرلز کو نوٹس جاری کر رکھا ہے۔محکمہ اوقاف کی زمین پولیس ویلفیئر کو دینے سے متعلق از خود نوٹس کیس کی بھی سماعت ہو گی۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ تطہیر بنت پاکستان کیس کی سماعت کرے گا۔
سرکاری اداروں سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے نام پر لاکھوں روپے لینے سے متعلق کیس کی بھی آج سماعت ہو گی۔ عدالت سی ڈی اے ملازمین کی غیر قانونی پروموشنز سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی بھی سماعت کرے گی۔جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بنچ لاہور ہائی کورٹ کے ججز کی سنیارٹی کیس کی سماعت کرے گا۔چنگ چی رکشہ نظر ثانی کیس کی سماعت بھی آج سپریم کورٹ میں ہوگی۔ نظر ثانی کیس کی سماعت جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں قائم تین رکنی بنچ کرے گا۔