آزاد کشمی، ٹیکس چوری میں ملوث سگریٹ فیکٹریوں کیخلاف کریک ڈاؤن مزید تیز
میر پور/بھمبر(خصوصی رپورٹ) آزاد کشمیر حکومت نے ٹیکس چوری میں ملوث سگریٹ فیکٹریوں کیخلاف کریک ڈاؤن مزید تیزکردیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آزاد کشمیر کے احکامات پر سگریٹ کی غیر قانونی صنعت اور ٹیکس چوری میں ملوث سگریٹ فیکٹریوں کیخلاف مختلف شہروں میں پولیس اور ایکسائز و ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کی مشترکہ ٹیموں نے آپر یشن شروع کر دیئے ہیں۔ اس سلسلے میں میرپور، بھمبر اور برنالہ میں ٹیکس چوری میں ملوث سگریٹ فیکٹریوں نیشنل ٹوبیکو کمپنی، والٹن ٹوبیکو کمپنی، وطن ٹوبیکو کمپنی اور چنار ٹوبیکو کمپنی کے مختلف گوداموں پر چھاپے مارے گئے۔ گزشتہ روز برنالہ میں ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر نصیر احمد اور ان لینڈ ریونیو افسر محمد شکیل کی سربراہی میں برنالہ روڈ، بھمبر میں وطن ٹوبیکو کمپنی کے گودام پر بڑی کارروائی کی گئی اور 3230 بیگ خام تمباکو، 45 کارٹن فلٹر پیپر، 504 کارٹن فلٹر راڈ، 90 کارٹن ایکسپریس سگریٹ، 31 کارٹن ہیرو سگریٹ اور 33 کارٹن گریس سگر یٹ قبضے میں لے لیے۔ بعد ازاں گودام کو سیل کر کے مالکان و گودام مینجر کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ واضح رہے قبضے میں لیے گئے اس خام مال سے 4 ارب سے زا ئد غیر قانونی سگریٹ تیار کیے جانے تھے جو غیر قانونی تجارت کے مجموعی حجم کا 10 فیصد بنتے ہیں۔ قبضے میں لیے گئے سگریٹ برانڈ ایکسپریس اور گریس ایف بی آر کیساتھ رجسٹرڈ بھی نہیں ہیں۔ ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں صرف وطن ٹوبیکو کمپنی سے ہی قومی خزانے کو 20 ارب جبکہ سیلز ٹیکس کی مد میں 4 ارب روپے کا نقصان ہونا تھا۔ اس سے قبل نیشنل ٹوبیکو کمپنی بھمبر کے گودام پر چھاپے کے دوران 3811 کارٹن غیر قانونی سگریٹ اور 3لاکھ 84ہزار کلو سے زائد خام تمباکو ضبط کر لیا گیا۔ جبکہ ایک اور کاروائی میں والٹن ٹوبیکو فیکٹری برنالہ میں چھا پے کے دوران 10 کارٹن غیر قانونی سگریٹ، 10 کروڑ سگریٹ سٹکس کی تیاری کیلئے 10 تمباکو بیگ، 19 سگریٹ پیپر رول ضبط کر لیا گیا۔ اس کے علاؤہ چنار ٹوبیکو فیکٹری برنالہ میں چھاپے کے دوران 731 تمباکو بیگ ضبط کر لیے گئے۔ اس کے علاوہ ایک اور کارروائی میں نیشنل ٹوبیکو کمپنی کیلئے کرایہ پر لیے گئے گھر پر چھاپے کے دوران 85 کارٹن فلٹر راڈ، 67 کارٹن سگریٹ پیپر، 17 کارٹن غیر قانونی سگریٹ، 16 کارٹن سگریٹ ٹیپ، 10 ہزار کلو تمباکو سمیت بھاری مقدار میں خام مال ضبط کر لیا گیا۔حکومتی زرائع کے مطابق وزیر اعظم آزاد کشمیر کے احکامات پر پولیس اور ایکسائز و ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کی مشترکہ ٹیموں نے ان عناصرکیخلاف آپریشن شروع کر رکھا ہے۔ اس وقت سگریٹ انڈسٹری میں ٹیکس چور ی کی وجہ سے آزاد کشمیر حکومت کو سالانہ اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ جبکہ آزاد کشمیر میں تیار کیے جانیوالے غیر قانونی سگریٹوں کو پنجاب سمگل کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ آزاد کشمیر کی حدود میں قائم سگریٹ فیکٹریوں میں ابھی تک ٹریک ینڈ ٹریس سسٹم کو نافذ بھی نہیں کیا جا سکا۔
کریک ڈاؤن