لاہور میں عید کے بعد بھی مرغی، مٹن اور بیف کی من مانی قیمتیں وصول کی جا رہی ہیں ، عوام بلبلا اٹھے

لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن ) صوبائی دارالحکومت میں عید کے بعد بھی مرغی، مٹن اور بیف کی من مانی قیمتیں وصول کی جا رہی ہیں جس سے عوام بلبلا اٹھے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مرغی مٹن اور بیف کی قیمتوں پر تا حال قابو نہ پایا جا سکا، عوام اس صورتحال سے شدید پریشان ہیں اور سراپا احتجاج ہیں کہ حکومت آخر کب نا جائز منافع خوروں کو لگام ڈالے گی ۔قابل غور امر یہ ہے کہ لاہور میں زندہ مرغی کا سرکاری ریٹ 383 روپے فی کلو ہے جبکہ 515 روپے کلو میں فروخت کی جا رہی ہے۔مرغی کے گوشت کاسرکاری ریٹ 595 ہے جبکہ 760 روپے کلو میں فروخت کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب مٹن کا سرکاری ریٹ1600 مقرر ہے، جو ہزار روپے زائد یعنی 2600روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔
لاہور کے شہریوں نےپنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جو دکاندار سرکاری ریٹ لسٹ پر عمل نہیں کر رہےان کیخلاف سخت کارروائی کی جائے ۔