13سال کا حساب دیں، انکے اپنے لوگ اربوں روپے کھا گئے: طلال چودھری کا گنڈاپور کی دھمکی پر ردعمل

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی دھمکی پر ردعمل میں کہا ہے کہ گنڈاپور کے پی حکومت کے گزشتہ 13سال کا حساب دیں۔
نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے ایک بار پھر وفاق کو دھمکی دی تھی کہ اگر اس مہینے میں این ایف سی میں طے شدہ چیزیں نہ ملیں تو خیبر پختونخوا کے عوام، پولیس اور سرکاری افسران سمیت سب کو لے کر نکلیں گے۔
جس کے جواب میں جیو نیوز کے ایک پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہاکہ این ایف سی میں وفاق نے خیبر پختونخوا کو اس کے حصے سے زیادہ پیسے دیے ہیں، وزیراعلیٰ گنڈاپور کے پی حکومت کے گزشتہ 13سال کا حساب دیں، پی ٹی آئی کے لوگوں نے صحیح الزام لگایا کہ ان کے اپنے لوگ اربوں روپے کھا گئے ہیں‘۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کیجانب سے مذاکرات کے بیان پر وزیر مملکت برائے داخلہ کا کہنا تھا کہ یہ اپنے آپ سے باتیں کر رہے ہیں ان سے کوئی بات نہیں کر رہا، نافرمان اولاد کو ایک مرتبہ عاق کر دیا جائے تو کئی دفعہ اس سے تعلقات بحال نہیں ہوتے، پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکرت کی باتیں خود کلامی ہے، مذاکرات اسی پارلیمنٹ میں ہوں گے جہاں سے یہ مذاکرات توڑ کر نکلے تھے‘۔
انھوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی بہت سارے لوگوں سے ملنا نہیں چاہتے، جن سے ملنا چاہتے ہیں ان سے صبح 7 بجے یا شام 7 بجے بھی مل لیتے ہیں، مزید برآں افغانستان کے ساتھ پالیسی پی ٹی آئی کی نہیں پاکستان کی چلے گی۔