گورنر سندھ نے ڈمپر اور ٹینکر کی ٹکر سے جاں بحق ہونیوالوں کے لواحقین کیلیے اہم اعلان کر دیا

کراچی ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) گورنر سندھ نے ڈمپر اور ٹینکر کی ٹکر سے جاں بحق ہونیوالوں کے لواحقین کیلیے اہم اعلان کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ ہم ڈمپر اور ٹینکر کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے تمام افراد کے لواحقین کو پلاٹ دیں گے۔انہوں نے ٹریفک حادثے میں جاں بحق نذر عباس کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور انہیں 80 گز کا پلاٹ دیا۔ گورنر نے کہا کہ نذر عباس کی تینوں بچیوں کی تعلیم کی ذمہ داری لیتا ہوں۔ نذر عباس کی بچیوں کو ہر ماہ پانچ، پانچ ہزار روپے بھی دیے جائیں گے۔
"جنگ " کے مطابق کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں اور ڈمپر مافیا مجھ پر تنقید کر رہا ہے، شہر کے ہر مظلوم کا بھائی گورنر ہے، جب یہ تھانے جاکر بتائیں گے کہ گورنر کا بھائی ہوں تو دیکھوں گا کیسے کوئی دھتکارتا ہے۔ 12 اپریل کو ڈمپر اور ٹینکر تلے کچلے گئے افراد کے لواحقین گورنر ہاؤس آئیں، ڈمپر اور ٹینکر کی ٹکر سے تمام جاں بحق افراد کے لواحقین کو پلاٹ دیں گے۔
انکا کہنا تھا کہ لوگ بجلی، گیس اور نکاسیٔ آب کے نظام سے محروم ہیں، گورنر ہاؤس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ صرف نعرے لگا کر ان لوگوں کو اپنے پیچھے نہیں لگائیں گے۔ بہت ہوگئی، عوام کے جذبات سے سیاست۔77 سال بعد میں نے گورنر ہاؤس میں مہاجر کلچر ڈے منایا۔ مہاجروں کے سر پر ہاتھ رکھنا ہے تو ان کو صرف نعرے نہیں نوکریاں چاہئیں۔ نعرے لگا کر لوگوں کو ٹرک کی بتی کے پیچھے نہیں لگائیں گے، میرے شہر کے لوگ جذباتی نعروں کے پیچھے نہیں بھاگیں گے۔ ہم سے کوئی غلطی ہوئی ہے تو وہ بھی بتائیں معافی مانگیں گے۔ شہر کی سیاست ان لوگوں کے ہاتھ میں نہیں دیں گے جنہوں نے بھائی کو بھائی سے لڑایا۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ گورنر بننے کے بعد سب سے پہلے شہداء قبرستان گیا، اسی جماعت میں 14 سال گورنر رہے کبھی انہوں نے شہداء کی قبر نہیں دیکھی۔ میں نے الیکشن نہیں لڑنا، حق پرست گورنر ہوں۔ مایوس نہیں ہونا گورنر ہاؤس کے دروازے کھلے ہیں۔