گھوٹکی کے علاقے میں شادی سے انکار پر خاتون ڈاکٹر کا نوجوان پر تشدد، زبان بھی کاٹ دی، لڑکے کیخلاف ہی مقدمہ درج کرنے کافیصلہ
گھوٹکی (ویب ڈیسک) نواحی علاقے میرپور ماتھیلو میں شادی سے انکار کرنے پر 50 سالہ خاتون ڈاکٹر نے نوجوان کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا،واقعے سے متعلق خبریں سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہیں۔
تفصیلات کے میرپور ماتھیلو میں شادی سے انکار کرنے پر 50 سالہ خاتون ڈاکٹر نے نوجوان پر بہیمانہ تشدد کیا ، زبان کاٹ دی اور تشدد کی وجہ سے آنکھیں بھی زخمی ہیں۔
آج نیوز کے مطابق خاتون ڈاکٹر کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بننے والے نوجوان کی خون میں لت پت تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا کی زینت بن گئیں۔ معاملہ علم میں آنے پر ایس ایس پی گھوٹکی سمیع اللہ سومرو نے نوٹس لیا اور ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔دوسری جانب خاتون ڈاکٹر خود تھانے پہنچ گئیں اور نوجوان پر خود کو ہراساں اور بلیک میلنگ کرنے کا الزام عائد کیا۔
پولیس کے مطابق نوجوان اور خاتون ڈاکٹر میں دوستی تھی، جب لڑکے نے شادی سے انکار کیا تو دونوں میں جھگڑا ہوا، جھگڑے کے بعد لڑکا مسلسل ملزمہ کو بلیک میل کرتا رہا۔
خاتون ڈاکٹر نے موقف اپنایا کہ دوستی اور تعلقات کے بعد لڑکا تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے دھمکیاں دیتا تھا۔ ایس ایس پی گھوٹکی سمیع اللہ سومرو نے بتایا کہ دونوں فریقین کے بیانات اور شواہد کی روشنی میں کارروائی ہوگی۔ پولیس نے خاتون ڈاکٹر کی درخواست پر بھی مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔