چیئرمین پی سی بی کا صائم ایوب کو فوری علاج کیلئے لندن بھیجنے کا فیصلہ
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)کے چیئرمین محسن نقوی نے قومی اوپننگ بلے باز صائم ایوب کو فوری علاج کیلئے لندن بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے صائم ایوب سے رابطہ کیااور ان کی خیریت دریافت کی،پی سی بی کاکہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی نے صائم ایوب کو فوری علاج کیلئے لندن بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، محسن نقوی نے ڈاکٹرز سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا،پی سی بی نے کہاکہ صائم ایوب کی لندن کےسپورٹس آرتھوکے ماہر ڈاکٹرز کے ساتھ اپوائمنٹ طے ہے،پاکستان میں ڈاکٹر ممریز صائم ایوب کے علاج معالجے کےسارے کیس کو دیکھ رہے ہیں،ڈاکٹر ممریز نے صائم ایوب کی تمام میڈیکل رپورٹس لندن بھجوادی ہیں۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ صائم ایوب سٹائلش ، زبردست بیٹر اور پاکستان کرکٹ کا اثاثہ ہیں،صائم ایوب کو پہلی دستیاب فلائٹ سے کیپ ٹاؤن سے لندن بھجوایا جائے گا، اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود بھی صائم ایوب کے ساتھ لندن جائیں گے، ان کاکہناتھا کہ صائم ایوب کی انجری پر بہت تشویش ہے،صائم ایوب کا دنیا کے بہترین ہسپتال میں چیک اپ اور علاج کرائیں گے،صائم ایوب کے علاج معالجے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،امید ہے کہ صائم ایوب چیمپئنز ٹرافی سے قبل مکمل صحتیاب ہو جائیں گے۔