اقوام متحدہ بتائے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے بارے میں وعدوں کا کیا بنا: مشعال ملک
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ بتائے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے بارے میں وعدوں کا کیا بنا۔
نجی ٹی وی "دنیا نیوز" کے مطابق اپنے ویڈیو پیغام میں مشعال ملک کا کہنا تھا کہ 1947 سے لیکر اب تک اقوام متحدہ میں کشمیریوں کے حق خودارادیت پر ایک درجن سے زائد قراردادیں ہیں، اقوام متحدہ سے پوچھنا چاہتی ہوں ان وعدوں اور قراردادوں کا کیا بنا، کیا دنیا کا قانون اندھا، بہرہ اور گونگا ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیا کشمیری صرف اس لیے پیدا ہوئے ہیں کہ ہم اپنے شہداءکو دفناتے رہیں، کیا ہم جیلوں میں ہی پڑے رہیں؟ کیا ہم نے کالے قوانین کے تحت ہی زندگی گزارنی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کیا اقوام متحدہ نے ہندوستان کی ہٹ دھرمی کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں، تاریخ کبھی اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو معاف نہیں کرے گی کیونکہ کشمیریوں پر ظلم ہوتا رہا اور آپ خاموش ہے۔
مشعال ملک نے کہا کہ تاریخ اور دنیا گواہی دے گی کشمیریوں نے خون کے آخری قطرے تک جہاد جاری رکھا، انشاءاللہ فتح ہمارا مقدر ہے، افسوس دنیا دیکھتی رہی اور خاموش رہی اور کشمیری قربانی دیتے رہے۔