بی ایل اے بیرونی قوتوں کی آلۂ کار، معصوم بلوچوں کی جان کی دشمن
تربت ( ڈیلی پاکستان آن لائن) گزشتہ روز 4 جنوری کو کالعدم بی ایل اے نے تربت میں ایک مسافر بس پر حملہ کیا جس میں کئی معصوم شہری جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔
نجی ٹی وی "دنیانیوز "کے مطابق سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حملے سے یہ ثابت ہوتا ہے دہشتگرد تنظیم بی ایل اے اپنے مذموم مقاصد کیلئے معصوم شہریوں کو نشانہ بناتی ہے، ایک جانب بی ایل اے خود کو بلوچ عوام کے حقوق کا علمبردار قرار دیتی ہے دوسری جانب ان معصوم بلوچوں کی جان کی بھی دشمن ہے۔
ذرائع نے کہا ہے کہ یہ حملہ بی ایل اے کی منافقت کا کھلا ثبوت ہے اور ثابت کرتا ہے کہ ان کی تربیت ہی معصوم لوگوں کی جان لینا ہے، بی ایل اے کی بلوچ عوام کیخلاف نفرت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس نے ایک سال میں 100 سے زائد معصوم بلوچ شہریوں کو شہید کیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ سال 9 نومبر کو بھی ایک خود کش حملے میں بی ایل اے نے 10 سے زائد معصوم بلوچ شہریوں کی جان لی، بی ایل اے عوام دشمنی کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے ہی لوگوں کے خلاف بیرونی قوتوں کے ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے ان کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بی ایل اے بیرونی طاقتوں، خصوصاً بھارتی خفیہ ایجنسی را، اسرائیلی ایجنسی موساد اور مغربی قوتوں کا آلۂ کار ہے، مکتی باہنی جیسی دہشتگرد حکمت عملی اپنانا بی ایل اے کی سازش کا حصہ ہے۔