دبئی میں باحجاب خاتون کا مذاق اڑانے والی غیر ملکی خواتین گرفتار
دبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن)دبئی میں ایک برقع پوش خاتون کی ویڈیو بنا کر اُن کا مذاق اڑانے والی غیر ملکی سیاح خواتین کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ مغربی خواتین بغیر اجازت کے بانقاب خاتون کی ویڈیو بنا رہی تھیں۔
غیر ملکی خبررساں ویب سائٹ کے مطابق دبئی پولیس نے بتایا کہ زیر حراست غیر ملکی سیاح خواتین کا تعلق مغرب سے ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ انہوں نے ایک مقامی ریسٹورنٹ میں ایک برقع پوش خاتون کی جو اپنے شوہر کے ساتھ اسی ریسٹورنٹ میں کھانا کھا رہی تھی، اس کی اجازت کے بغیر ویڈیو بنائی اور اس کے حجاب کو مذاق کا نشانہ بنایا اور ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔
دبئی پولیس نے کہا ہے کہ مذکورہ مغربی سیاحوں نے ملک کے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے اور اجازت کے بغیر ایک خاتون کی ویڈیو ریکارڈ کی ہے۔
دبئی پولیس کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ ریاست میں تمام مذاہب، عقائد اور افکار کا احترام کیا جاتا ہے اور دوسرے شخص کی تہذیب، ثقافت اور مذہب کو تنقید کا نشانہ بنایا یا اس کا تمسخر اڑانا ایک جرم ہے۔
واضح رہے کہ ویڈیو شیئر کرنے اور مغربی سیاح کی طرف سے مذاق اڑانے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔