پی ٹی آئی نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا:رانا مشہود
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پراپیگنڈے سے ایسی جماعت کو مسلط کیا گیا جس کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا اور مذموم پراپیگنڈا ففتھ جنریشن وار کا حصہ ہے۔
رانا مشہود نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ ہوا جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ وزیر اعظم کی قیادت میں ملکی معیشت کو مضبوط کرنے کے لئے دن رات کام ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری آرہی ہے اور تمام معاشی اشاریے مثبت، سٹاک مارکیٹ نے نئے ریکارڈ قائم کئے۔
رانا مشہود نے کہا کہ اڑان پاکستان پروگرام ملکی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا اور پاکستان کے خلاف قراردادیں منظور کرانے والے مقبوضہ کشمیر، غزہ پر کیوں خاموش ہیں۔