کورکمانڈرز کانفرنس:فورم کا ”عزمِ استحکام“ کے حوالے سے بلاجواز تنقید اورقیاس آرائیوں پراظہارِ تشویش 

کورکمانڈرز کانفرنس:فورم کا ”عزمِ استحکام“ کے حوالے سے بلاجواز تنقید ...
کورکمانڈرز کانفرنس:فورم کا ”عزمِ استحکام“ کے حوالے سے بلاجواز تنقید اورقیاس آرائیوں پراظہارِ تشویش 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت265ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں فورم نے چند حلقوں کی جانب سے ”عزمِ استحکام“ کے حوالے سے بلاجواز تنقید اورمخصوص مفادات کے حصول کے لئے قیاس آرائیوں پر اظہارِ تشویش  کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاک فوج تمام اندرونی اور بیرونی چیلنجز کو ناکام بنانے کیلئے ہمیشہ سے تیار رہی ہے،آرمی چیف نے پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ  درپیش چیلنجز کے باوجود پاک فوج پاکستان کے استحکام اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردارادا کرتی رہے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فورم نے امن و استحکام کیلئے شہداء، افواجِ پاکستان، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا،فورم نے ملکی سلامتی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے  '' عزمِ استحکام''  کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال  کیا۔فورم نے انسدادِ دہشتگردی کے لئے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے ضمن میں ”عزمِ استحکام“ کو اہم قدم قرار دیا ساتھ ہی ملک میں پائیدار استحکام اور معاشی خوشحالی کے لیے”عزمِ استحکام“ دہشتگردی اورغیر قانونی سرگرمیوں کے گٹھ جوڑ کو ختم کرنے کیلئےوقت کا اہم تقاضہ قرار دیا۔

فورم نے علاقائی سلامتی بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر غور اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے عزم کا اعادہ  کیا۔

کانفرنس کے شرکاء  نے کشمیر اور فلسطین کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ،کشمیر اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، جنگی جرائم اور نسل کشی کی مذمت بھی کی۔

آئی ایس پی آر کا مزید بتانا ہے کہ کورکمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ عسکری قیادت قوم کو درپیش چیلنجز کا بخوبی ادراک رکھتی ہے اور عوام کے تعاون سے اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے ایک پائیدار حل کے لئے کوشاں ہے۔شرکا نے سیاسی عزائم کی تکمیل کیلئے جاری ڈیجیٹل دہشتگردی کو ریاستی اداروں کے خلاف سازش قرار دیا اور کہا کہ ریاست مخالف بیرونی طاقتوں کی سرپرستی میں جاری ڈیجیٹل دہشتگردی کا مقصد جھوٹ، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے قوم میں نفاق اور مایوسی پھیلانا ہے،افواج پاکستان اور پاکستانی قوم ان سازشوں سے نہ صرف آگاہ ہیں بلکہ دشمن کے مذموم مقاصد کو شکست دینے کیلئے پُرعزم اور متحد ہیں۔ 

فورم نے ملک میں جاری سماجی اور معاشی ترقی کیلئے کی جانے والی کوششوں کے لئے مکمل تعاون کا اعادہ کیا اورسرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اورمعاشی ترقی و استحکام کیلئےکی جانے والی حکومتی کوششوں کی مکمل تائید کی ۔