لاہورکی جیلوں سے زیر حراست ملزمان کو آج عدالتوں میں پیش نہیں کیا جائے گا
لاہور (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی احتجاج اور امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر لاہور کی جیلوں سے زیر حراست ملزمان کو آج عدالتوں میں پیش نہیں کیا جائے گا۔ پولیس حکام نے ایڈمن ججز کو مراسلہ لکھ دیا۔
سماء ٹی وی کے مطابق پنجاب پولیس کے سیکورٹی ونگ کی جانب سے لاہور کی عدالتوں کے ایڈمن ججوں کو لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ شہر میں پی ٹی آئی کے احتجاج اور امن و امان کی صورتحال کے باعث جیلوں سے زیر حراست ملزمان کو عدالتوں میں پیش نہیں کیا جاسکے گا۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ انڈرٹرائل ملزمان کوآج جیلوں میں ہی رکھا جائے گا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے اسلام آباد کے ڈی چوک کے بعد آج لاہور کے مینار پاکستان پر احتجاجی مظاہرہ ہے۔ حکومت نے احتجاج ناکام بنانے کے لیے اپنی تمام تیاریاں کرلی ہیں۔ شہر کے داخلی اور خارجہ راستوں کی بندش، دفعہ 144 کا نفاذ اور بھاری نفری کی تعیناتی شامل ہے۔
پولیس کے ساتھ رینجرز کے دستے بھی فرائض انجام دیں گے جبکہ پولیس ڈھائی سے زائد کارکنوں کو حراست میں لے چکی ہے جبکہ انتظامیہ پہلے ہی مینار پاکستان کے اطراف بڑی تعداد میں کنٹینرز پہنچا چکی ہے۔