پنجاب حکومت نے بھی پاک فوج کو طلب کر لیا
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کے سلسلے میں پنجاب حکومت نے بھی امن و امان کے لیے پاک فوج کو طلب کر لیا۔اس حوالے سے فوج کی خدمات سے متعلق قواعد کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت مسلح افواج کو طلب کیا گیا ہے، سول آرمڈ فورسز، پولیس سے مل کر فوج ایس سی او کانفرنس میں امن و امان برقرار رکھے گی۔ایئر پورٹس، راستوں، مقامات اور ارد گرد کے علاقوں میں امن و امان برقرار رکھا جائے گا، فوج کو واضح غیر مبہم رولز آف انگیجمنٹ دیئے گئے ہیں۔
"جیو نیوز " کے مطابق نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مسلح افواج، سول آرمڈ فورسز، قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی بھی خطرے کی اطلاع حاصل کر سکیں گے۔ فوج دشمن عناصر، ہجوم یا فسادیوں کی طرف سے حملے یا دھمکی کے موقع پر اقدامات کر سکے گی۔