امریکہ کی سپیشل فورسز کے ایک سابق آپریٹو نے دنیا کے خطرناک ترین جنگل میں ایک پراسرار پل تعمیر کیے جانے کا انکشاف کردیا

 امریکہ کی سپیشل فورسز کے ایک سابق آپریٹو نے دنیا کے خطرناک ترین جنگل میں ...
 امریکہ کی سپیشل فورسز کے ایک سابق آپریٹو نے دنیا کے خطرناک ترین جنگل میں ایک پراسرار پل تعمیر کیے جانے کا انکشاف کردیا
سورس: Wikimedia Commons

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پانامہ سٹی(مانیٹرنگ ڈیسک) ڈیرین گیپ دنیا کا خطرناک ترین جنگل قرار دیا جاتا ہے تاہم ہر روز سینکڑوں غیرقانونی تارکین وطن اس جنگل کو عبور کرکے پانامہ کے راستے امریکہ میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں اور ان میں سے بیشتر کی اس جنگل میں موت واقع ہو جاتی ہے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق امریکہ کی سپیشل فورسز کے ایک سابق آپریٹو نے اس جنگل میں ایک پراسرار پل تعمیر کیے جانے کا انکشاف کیا ہے۔
مائیکل یون نامی اس آپریٹو نے ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس جنگل میں وسطی اور جنوبی امریکہ کے درمیان کچھ فاصلہ تھاجسے کشتیوں کے ذریعے عبور کرنا پڑتا تھا۔ اب اس جگہ پر ایک بہت بڑا پل تعمیر کیا جا رہا ہے اور اس پل کی پراسراریت یہ ہے کہ کوئی نہیں جانتا کہ اس پل کی تعمیر کا خرچ کون ادا کر رہا ہے۔
مائیکل یون نے اس پل کی تعمیر کا شبہ چین پر ظاہر کیا ہے۔ مائیکل نے پوڈکاسٹر شان ریان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس طرح کے کام چین کر سکتا ہے تاہم میں حکومت میں موجود لوگوں سے مسلسل پوچھ رہا ہوں کہ یہ پل کون تعمیر کر رہا ہے اور بظاہر ان میں سے کسی کو اس بارے میں کچھ علم نہیں ہے۔ یہ پل اتنا بڑا ہے کہ آپ اس کے اوپر سے ٹینک بھی گزار سکتے ہیں۔‘‘
مائیکل یون کا کہنا تھا کہ ’’مجھے چین پر اس لیے شبہ ہے کیونکہ امریکہ آنےوالے چینی باشندوں کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ 2023ء میں پانامہ کے راستے 15ہزار چینی شہری امریکہ میں داخل ہوئے، یہ تعداد 2022ء سے 8گنا اور 2021ء سے 40گنا زیادہ ہے۔ جنوری سے ستمبر 2023ء کے دوران امریکی بارڈر پٹرول نے میکسیکو سے امریکہ میں غیرقانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کرنے والے 22ہزار 187چینی شہریوں کو گرفتار کیا۔