میٹا نے اب تک کا طاقتور ترین اوپن سورس اے آئی ماڈل لاما 4 لانچ کر دیا

سان فرانسسکو (ڈیلی پاکستان آن لائن) میٹا نے مصنوعی ذہانت کے میدان میں اپنی پوزیشن کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے تازہ ترین اوپن سورس اے آئی ماڈلز لاما 4 کا پہلا بیچ لانچ کر دیا ہے۔ انسٹاگرام پر جاری ایک ویڈیو میں میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے کمپنی کی جرات مندانہ اے آئی حکمتِ عملی بیان کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ہدف دنیا کی سب سے اعلیٰ اے آئی تیار کرنا، اسے اوپن سورس بنانا اور عالمی سطح پر قابلِ رسائی بنانا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق ابتدائی طور پر لاما 4 کے دو ماڈلز لاما 4 سکاؤٹ اور لاما 4 میورک جاری کیے گئے ہیں جو لاما کی ویب سائٹ اور Hugging Face پر دستیاب ہیں۔ یہی ماڈلز اب میٹا کے ورچوئل اسسٹنٹ "Meta AI" کی بنیاد بھی بن رہے ہیں، جو واٹس ایپ، انسٹاگرام، میسنجر اور ویب پر شامل کر دیا گیا ہے۔
میٹا نے لاما 4 بیہیمت ماڈل بھی متعارف کروایا ہے، جسے اب تک کا سب سے طاقتور اور ذہین اے آئی ماڈل قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ مستقبل کے ماڈلز کی تربیت اور رہنمائی کے لیے استعمال ہوگا۔ لاما 4 کی خاص بات اس کا نیا Mixture-of-Experts (ایم او ای) فریم ورک ہے، جس میں مختلف ماڈیول مخصوص موضوعات جیسے فزکس، شاعری، بایولوجی اور پروگرامنگ پر فوکس کرتے ہیں۔ ہر کام کے دوران صرف متعلقہ ماڈیولز فعال ہوتے ہیں، جس سے تربیت اور عمل درآمد کے اخراجات کم ہوتے ہیں۔
سکاؤٹ ماڈل 17 ارب پیرا میٹرز اور 16 ماہرین کے ساتھ تیار کیا گیا ہے اور یہ صرف ایک جی پی یو پر چلایا جا سکتا ہے۔ میورک بھی 17 ارب پیرا میٹرز کے ساتھ بنایا گیا ہے مگر اس میں 128 ماہرین شامل ہیں، اور اسے ایک ہمہ جہت ماڈل کے طور پر پیش کیا گیا ہے جو چیٹ، دلائل، اور دیگر ڈیجیٹل کاموں کو سنبھال سکتا ہے۔ میٹا کے مطابق میورک کئی معروف ماڈلز جیسے GPT-4o اور Gemini 2.0 Flash سے بہتر کارکردگی دکھاتا ہے، خاص طور پر کوڈنگ، دلائل، اور لمبے سوالات میں۔
بیہیمت ماڈل، جو اب بھی ڈویلپمنٹ کے مراحل میں ہے، میں 288 ارب فعال پیرا میٹرز اور تقریباً دو ٹریلین کل پیرا میٹرز ہوں گے، اور اسے سائنس و ٹیکنالوجی سے متعلق ٹیسٹوں میں دیگر بڑے ماڈلز جیسے GPT-4.5 اور Gemini 2.0 Pro سے بہتر قرار دیا جا رہا ہے۔زکربرگ نے ایک اور ماڈل لاما 4 ریزننگ کا بھی ذکر کیا، جو پیچیدہ تجزیاتی مسائل حل کرنے پر توجہ دے گا۔ اس کی مزید تفصیلات آنے والے ہفتوں میں جاری کی جائیں گی۔
میٹا نے یہ بھی انکشاف کیا کہ لاما ماڈلز کے ڈاؤن لوڈز ایک ارب سے تجاوز کر چکے ہیں، جو دسمبر 2024 میں 65 کروڑ تھے۔ جنوری میں زکربرگ نے اعلان کیا تھا کہ 2025 میں میٹا کی اے آئی انفراسٹرکچر پر سرمایہ کاری 60 سے 65 ارب ڈالر کے درمیان ہوگی، جو سرورز، ڈیٹا سینٹرز اور دیگر وسائل پر خرچ کی جائے گی۔