نواز شریف آئی ٹی سٹی میں ٹوئن ٹاور رواں برس مکمل کر لیا جائیگا، نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف آئی ٹی سٹی میں ٹوئن ٹاور رواں برس مکمل کر لیا جائیگا، نوجوانوں کو ایجوکیشن اور روزگار کے مواقع ملیں گے۔پنجاب کے نوجوانوں کو جدید دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ممکنہ مواقع فراہم کررہے ہیں۔ سی ایم لیپ ٹاپ سکیم پنجاب کے طلباء کے لیے انقلابی قدم ثابت ہوگا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ڈیجیٹل لرننگ ڈے پر اپنے پیغام میں کہا کہ ڈیجیٹل لرننگ کے دور میں ترقی ٹیکنالوجی اور جدید تعلیم سے مشروط ہے۔ پنجاب میں نوجوانوں کو انٹر نیشنل مارکیٹ بیسڈ ایڈوانس آئی ٹی ٹریننگ پروگرامز کرائے جارہے ہیں۔ نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت (AI)، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، اور فری لانسنگ جیسے کورسز کے مواقع دے رہے ہیں۔ بین الاقوامی جاب مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق فری لانسرز کی آئی ٹی کورسز سرٹیفیکیشن کرائی جا رہی ہے۔ سرکاری سکولوں میں سمارٹ کلاس رومز اور ڈیجیٹل لیب بنا رہے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی سے روایتی تعلیم کو زیادہ مؤثر اور دلچسپ بنایا جا رہا ہے۔وزیرعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ لاہور میں پاکستان کا پہلا منفرد نواز شریف آئی ٹی سٹی بنا رہے ہیں۔ نواز شریف آئی ٹی سٹی میں ٹوئن ٹاور اسی سال مکمل کر لیے جائیں گے۔ نواز شریف آئی سٹی میں پلگ اینڈ پلے کال سینٹر ہب بھی قائم ہوگا۔ نواز شریف آئی ٹی سٹی میں نوجوانوں کو آئی ٹی ایجوکیشن اور روزگار کے مواقع ملیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نوازنے کہا کہ نواز شریف آئی ٹی سٹی میں عالمی سطح کی انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹیاں کیمپس قائم کرنے کیلئے دلچسپی کا اظہار کر رہی ہیں۔ ڈیجیٹلائزیشن سے نوجوانوں کو خودمختاری، ترقی، اور کامیابی کی راہ پر گامزن کررہے ہیں۔