وزیراعلیٰ نےغیر قانونی وائلڈ لائف منڈیوں کے خاتمے کا حکم دیدیا ، جنوبی پنجاب میں کومبنگ آپریشن شروع،8ملزمان گرفتار،متعدد دکانیں سیل

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت جنگلی حیات اور نایاب پرندوں کے تحفظ کے لیے جنوبی پنجاب کی تاریخ کے سب سے بڑے کومبنگ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں غیر قانونی وائلڈ لائف منڈیوں کے خاتمے کیلئے محکمہ وائلڈ لائف کو خصوصی ٹاسک دیا ہے۔
محکمہ جنگلی حیات کا ڈائریکٹر جنرل مدثر ریاض ملک کی قیادت میں غیر قانونی وائلڈ لائف گودڑی،برڈ مارکیٹ، کبوتر منڈی ملتان پر چھاپے مارے اور سینکڑوں نایاب جانور اور پرندے برآمد کئے گئے۔گودڑی مارکیٹ سے برآمد پرندوں میں را طوطے، چکور، مور، فیزنٹ شامل ہیں۔کبوتر منڈی میں پرندوں اور جنگلی جانوروں سے بھرے 8 ٹرک بھی تحویل میں لیے گئے۔ غیرقانونی کاروبار کرنے والے مافیا نے چھاپہ مارنے والی ٹیم پر تشدد اور فائرنگ کی گئی جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے مسلح مزاحمت کرنے والے 8 ملزمان گرفتار کر لیا اور 40 سے زائد دکانیں سیل کر دی گئیں۔ گودڑی مارکیٹ میں فائرنگ کرنے والے دیگر نامعلوم ملزمان کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرکے گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔ غیر قانونی برڈ ڈیلرز کے خلاف انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پنجاب وائلڈ لائف ایکٹ ترمیمی بل2025 ء کے تحت کارروائی کی گئی اور مزاحمت کرنے والے تمام 8 ملزمان بھی گرفتارکیا گیا۔ نئے وائلڈ لائف قانون کے تحت غیر قانونی کاروبار ناقابل ضمانت جرم ہے جس پر 7 سال قید اور 50 لاکھ روپے جرمانے کی سزا ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے مشترکہ آپریشن کرنے والی محکمہ وائلڈ لائف، ضلعی انتظامیہ اور پولیس ٹیم کو شاباش دی۔ وزیراعلیٰ نے اپنے پیغام میں کہا کہ آپ نے بہادری سے فرض کو انجام دیا جس پر سب کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔
پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے شدید مزاحمت کے باوجود قانون پر بہادری سے عمل کرانے والی تمام ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ جنگلی حیات کے تحفظ پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت کے مطابق پورے پنجاب سے غیر قانونی وائلڈ لائف منڈیاں ختم کر رہے ہیں۔ پنجاب کے کسی بھی حصے میں غیر قانونی منڈی لگنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سینئر صوبائی وزیر نے اپیل کی ہے کہ شہری غیر قانونی وائلڈ لائف سرگرمی کی فوری اطلاع 1107 پر دیں۔