جماعت اسلامی کا لاہور میں وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنے کا اعلان
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) جماعت اسلامی نے لاہور میں بھی دھرنے کا اعلان کر دیا، ترجمان قیصر شریف کے مطابق جماعت اسلامی 11 اگست کو وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنا دے گی۔
قیصر شریف کا کہنا تھا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان لاہور دھرنے سے خصوصی خطاب بھی کریں گے، جماعت اسلامی کے دھرنے کو راولپنڈی میں 12 دن اور کراچی میں 4 دن ہو چکے ہیں۔
ترجمان جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی اگلے مرحلے میں احتجاج کا دائرہ مزید شہروں تک وسیع کرے گی۔اس موقع پر ضیاء الدین انصاری نے کہا کہ جماعت اسلامی لاہور میں دھرنے کے لیے تیار ہے، زندہ دلان لاہور اگر کسی کو اقتدار کی سیڑھی پر چڑھاتے ہیں تو اتارنا بھی جانتے ہیں، حافظ نعیم الرحمان اس مایوس قوم کی واحد امید ہیں۔
عبدالعزیز عابد کا کہنا تھا کہ حکمران بنگلا دیش سے سبق سیکھیں، حسینہ واجد اپنے تمام جبر کے باوجود عوام کو زیر نہیں کر سکی، جماعت اسلامی کے کارکنان حکومت کیلئے لوہے کے چنے ثابت ہو رہے ہیں۔ حکومت بیک ڈور سے دھرنا ختم کرنے کیلئے منتیں کر رہی ہے جبکہ میڈیا پر انکاری ہے، حکمرانوں کی یہ منافقت اب نہیں چلے گی۔