بلدیاتی انتخابات کاحتمی مرحلہ، غیر سرکار ی نتائج آنے کا سلسلہ جاری،پنجاب میں شیر کی دھاڑ،کراچی میں پتنگ کی بلند پرواز، تیر پیچھے رہ گیا
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)بلدیاتی انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے کے غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے ،اب تک موصول ہونے والے نتائج کے مطابق کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ ،سندھ میں مجموعی طورپر پیپلز پارٹی اور پنجاب میں ن لیگ زیادہ نشستیں اپنے نام کرکے دیگر جماعتوں سے آگے ہیں ۔کراچی میں میئرایم کیوایم سے ہوگاجبکہ پیپلزپارٹی کو لیاری میں شدید دھچکالگا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق پنجاب کی 2507 نشستوں میں سے بیشتر کے غیر سرکاری نتائج موصول ہو گئے ہیں جن میں ن لیگ 1028 نشستوں کے ساتھ سرفہرست چل رہی ہے جبکہ آزاد امیدوار1001نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہےپاکستان تحریک انصاف 262،پیپلز پارٹی110 اورجماعت اسلامی نے دو نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی ہے۔
کراچی کی یونین کمیٹیوں کی 208نشستوں میں 138نشستیں ایم کیوایم نے اپنے نام کرلیں ، 32نشستوں کے ساتھ پیپلز پارٹی دوسرے نمبر پر ہے،جماعت اسلامی 11،آزاد امیدوار 9 ،پی ٹی آئی 7 اور ن لیگ 8 نشستیں حاصل کر لی ہیں۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد یوسی 40 میں ن لیگ کے امیدوار کو شکست دے کر چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں جس کے بعد لال حویلی میں جشن کا سماں بندھ گیاہے۔ن لیگ کے امیدوار یوسی 7 سے 2687 ووٹ لے کر چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں،دوسری جانب کراچی کی یوسی 26 سے ایم کیوایم کے امیدوار نے میدان مار لیاہے ،ضلع غربی کی یوسی 26 سے متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار شیخ کلیم چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں جبکہ جماعت اسلامی کے محمد فاروق دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔
پنجاب
راولپنڈی میں ن لیگ کے 34،آزاد 10پی ٹی آئی 5جبکہ پی پی 2نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی تاہم چیئرمین کی 19نشستوں میں سے 16نشستوں پر ن لیگ نے میدان مارلیاہے۔
ملتان میں ن لیگ33نشستوں کے ساتھ سب سے آ گے ہیں، آزادامیدواروں نے 17نشستیں اپنے نام کیں جبکہ پی ٹی آئی 12نشستوں کے دوسرے نمبر پر ہے اور پیپلز پارٹی نے 1نشست پر کامیابی حاصل کرلی ہے۔
سیالکوٹ میں مسلم لیگ ن 44نشستوں کیساتھ پہلے نمبر پر رہی جبکہ آزاد امیدواروں نے 36نشستیں جیتیں، پی ٹی آئی 3اور پیپلز پارٹی ایک نشست حاصل کرنے میں ہی کامیاب ہو سکی ہے۔
ناروووال میں آزاد امیدواروں نے39نشستیں حاصل کر لی ہیں جبکہ ن لیگ33اورپی ٹی آئی نے 8نشستوں پر میدان مار لیاہے۔
مظفر گڑھ میں اب تک موصول ہونے والے غیر سرکاری نتائج کے مطابق آزاد 56،ن لیگ 45 اور پی ٹی آئی نے 6نشستوں پر میدان مارلیاہے۔
رحیم یار خان میں پیپلز پارٹی 64کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ ن لیگ45 آزاد15 اور دو نشستوں پر پی ٹی آئی نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔
راجن پورمیں آزاد 18،ن لیگ 32،پی ٹی آئی 16اور پی پی 2نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔
اٹک میں 7نشستوں میں سے تین کے نتائج موصول ہو گئے ہیں جس میں سے دو سیٹیں ق لیگ نے حاصل کیں جبکہ ایک نشست پر آزاد امیدوار کامیاب ہو گیاہے۔
بہاولپورمیں ن لیگ 13نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ 4نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہو گئے ہیں اورپی ٹی آئی بھی 12سیٹوں پر میدان مارنے میں کامیاب رہی ہے۔
ڈیرہ غازی خان میں ن لیگ نے 9اور آزادامیدواروں نے 7نشستوں پر میدان مارلیاہے جبکہ پی ٹی آئی اور جے یوآئی ایف نے ایک ایک نشست حاصل کر لی ہے۔
جھنگ میں آزاد امیدوار 70نشستوں پر میدان مارنے میں کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ ن لیگ 19سیٹیں حاصل کر چکی ہے اور تین نشستوں پر دیگر جماعتوں کے امیدوار کامیاب ہو گئے ہیں۔
خوشاب میں آزادامیدواروں نے 16اور ن لیگ نے بھی 16نشستیں اپنے نام کیں۔لیہ میں آزاد امیدواروں نے 21اور مسلم لیگ ن نے 19نشستیں جیت لیں ۔
کراچی
کراچی کی 117 نشستوں کے غیر سرکاری تنائج موصول ہو گئے ہیں جس کے مطابق 138 نشستوں پر ایم کیوایم نے میدان مارلیاہے جبکہ 32 نشستوں کے ساتھ پیپلز پارٹی دوسرے نمبر پر ہے،جماعت اسلامی 11،آزاد امیدوار 9 ،پی ٹی آئی 7 اور ن لیگ8 نشستیں حاصل کر لی ہیں۔
کراچی میں ایم کیوایم کے اہم امیدوار وسیم اختر بھی چیئرمین کی نشست پر کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان اور پی ٹی آئی کراچی کے صدر علی زیدی بھی الیکشن ہار گئے ہیں۔ نعیم الرحمان کو ایم کیو ایم کے مظہر حسین نے شکست دی۔ مظہر حسین نے 3205اور حافظ الرحمان نے 712ووٹ حاصل کئے۔ حافظ نعم یوسی 18میں جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے امیدوار تھے۔دوسری طرف پی ٹی آئی علی زیدی بھی ایم کیو ایم کے نوشاد خان کے ہاتھوں یوسی 16سے الیکشن ہار گئے ہیں۔
بلامقابلہ
کراچی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سلطان احمد بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں جبکہ کراچی میں مجموعی طور پر مختلف جماعتوں کے 41 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو ئے ہیں۔پنجاب میں مجموعی پر ن لیگ کے 43 ،آزاد 27،پی ٹی آئی 15 اور پیپلز پارٹی کے 4 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو گئے ہیں۔
اپ سیٹس
بلدیاتی الیکشن کے تیسرے مرحلے میں نارووال سے ن لیگ کے ایم پی اے وسیم بٹ کے چچا ثنا اللہ بٹ وارڈ نمبر 6 سے ن لیگ کے ٹکٹ پر کونسلر کی نشست پر شکست کھا گئے ہیں۔سمبڑیال کی وارڈ نمبر 7 میں ن لیگ کے سٹی صدر شیخ حبیب اللہ بھی شکست کھا گئے۔
ملتان میں معروف سیاست دان جاوید ہاشمی کے دامادزاہد نوبہار ہاشمی کو ن لیگ کی ٹکٹ پر پی ٹی آئی کے امیدوار کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔خوشاب میں ن لیگ کے سٹی صدر افتخار جوئیہ بھی الیکشن ہار گئے ہیں۔شجاع آباد میں ن لیگی ایم پی اے جاوید شاہ کے بھائی چیئرمین کی نشست پر ہار گئے ہیں۔
سیالکوٹ میں ایم این اے ارمغان سبحانی کے بھائی اور سابق صوبائی وزیر خوش اختر سبحانی بھی الیکشن ہار گئے ہیں۔
بہاولپور میں وزیر مملکت بلیغ الرحمان کے چچا نوید الرحمان یوسی 15میں پی ٹی آئی کے محمد رضوان الہیٰ کے ہاتھوں شکست کھا گئے ہیں ان کو ن لیگ کی حمایت حاصل تھی۔