بانی نے 2 مطالبات رکھے ہیں، سپریم کورٹ ججز کے نیچے جے آئی ٹی بنائی جائے،علیمہ خان
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہاہے کہ بانی نے 2 مطالبات رکھے ہیں، سپریم کورٹ کے ججز کے نیچے جے آئی ٹی بنائی جائے،جے آئی ٹی 9مئی اور 26نومبر سانحات کی تحقیقات کرے۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہاکہ اگر مذاکرات کیلئے اسٹیبلشمنٹ آفر دیتی ہے تو مذاکراتی کمیٹی مذاکرات کرے گی، جناح ایونیوپر جو آپریشن ہوا اس میں ڈیڑھ سو لوگ لاپتہ ہیں،26نومبر کو سنائپر سے لوگوں کو شہید کیاگیا۔ میرا اعتراض ہے کہ صرف 12لوگ شہید نہیں ہوئے،جمہوریت، قومی اسمبلی، عدلیہ اور میڈیا کو زمین بوس کردیا گیاہے۔
علیمہ خان نے کہاکہ اس نظام میں کوئی سرمایہ کاری نہیں آئے گی اور نہ تحفظ ہوگا، آگے کے دن بہت برے ہیں، بجلی گھر انہی لوگوں کے ہیں جو ملک کو کنٹرول کررہے ہیں.