مدینہ منورہ اور گرد و نواح میں گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش
مدینہ منورہ (ڈیلی پاکستان آن لائن)مدینہ منورہ اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش سے سردی میں اضافہ ہو گیا۔
نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق مدینہ منورہ کے متعدد علاقوں میں شدید ژالہ باری بھی ہوئی، بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، مسجد نبویؐ میں بھی بارش خوب جم کر برسی۔اس موقع پر زائرین نے باران رحمت پر اللہ پاک کا شکر ادا کیا، بارش کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کے محکمہ موسمیات نے گزشتہ روز پیر سے بدھ تک مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی تھی۔
محکمہ موسمیات نے بارش، ژالہ باری اور گرد آلود ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی تھی، محکمہ شہری دفاع کا کہنا تھا کہ ریاض ریجن کے کئی علاقے بھی بارش اور ژالہ باری سے متاثر ہوں گے۔