نوجوانوں میں عالمی امور پر شعور کی بیداری ناگزیر ہے،پروفیسر طیب

نوجوانوں میں عالمی امور پر شعور کی بیداری ناگزیر ہے،پروفیسر طیب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر محمد طیب نے کہا ہے کہ نوجوان نسل میں قومی اور بین الاقوامی امور پر شعور کی بیداری وقت کا اہم ترین تقاضا ہے اور بالخصوصی ملکی معاملات میں نوجوانوں کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے اور وقت پڑنے پر مادر وطن کیلئے جانوں کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کرنا چاہیے ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور جنرل ہسپتال سے منسلک امیر الدین میڈیکل کالج کی ڈیبیٹنگ سوسائٹی کے زیر اہتما م"جنگ کسی کے درست ہونے کا تعین نہیں کرتی"کے موضوع پر منعقدہ مباحثوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کے مہمان خصوصی معروف کالم نگار و دانشور سہیل وڑائچ تھے جبکہ سوسائٹی کے صدر اسد اللہ فاروق ، پروفیسر محمد نذیر اور طلبا و طالبات کی بڑی تعداد نے اس موضوع کے حق اور مخالفت میں تقاریر کیں۔اس موقع پر طلبا وطالبات نے بازؤں پر امن کی نشانی کے طور پر سفید ربن بھی باندھ رکھے تھے۔سہیل وڑائچ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ڈاکٹرز کو سائنس و ٹیکنالوجی کی زبان میں بات کرنی چاہئے۔ میڈیکل کے طلبہ جذباتی تقریریں نہیں کرتے بلکہ وہ نالج اور سائینٹفک ثبوتوں کے ساتھ اپنے عمل کو آگے بڑھاتے ہیں اور ایسی باتیں کرتے ہیں جس سے معاشرہ آگے بڑھے ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل کے طلبہ بہت ذہین ہیں جو حالت حاضرہ سے مکمل آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غورو فکر کا وقت آگیا ہے اب اس طرف یوتھ کو سوچنا ہوگا۔ سہیل وڑائچ نے طلبا و طالبات کی دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ذرائع ابلاغ کے ذریعے سٹوڈنٹس کو قومی امور سے آگاہی ملتی ہے اور میڈیا کے موجودہ دور میں ہم خود کو گردوپیش کے حالات سے الگ تھلگ نہیں رکھ سکتے ۔میڈیا سے گفتگو میں پرنسپل پروفیسر محمد طیب نے کہا کہ میڈیکل کے شعبے میں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کو ہم نصابی سرگرمیوں پر زیادہ سے زیادہ توجہ دینی چاہیے جس سے اُن کی ذہنی اور مخفی صلاحیتوں کو جلا ملتی ہے ، مباحثے کی سرپرستی پروفیسر محمد نذیر نے کی جبکہ اسد اللہ فارو ق کے علاوہ احمد فراز تارڑ، عبدالرافع،حارث طاہر ، محمد سعد ،ابیہہ چوہدری ، ام ابیہہ، علینہ سلیم ،ابیرہ حمید ، آمنہ طارق ، اُسامہ خالد ، سعد جاوید سندھو ، افشین ناصر اور صبا شکیل نے حصہ لیا۔بعد ازاں پوزیشن ہولڈرز میں مہمان خصوصی سہیل وڑائچ نے انعامات تقسیم کیے۔