لیبیا کے احمد میطیق چند گھنٹے کے وزیراعظم ثابت ہوئے

لیبیا کے احمد میطیق چند گھنٹے کے وزیراعظم ثابت ہوئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                                                                           طرا بلس(آن لائن)لیبیا کے تاجر احمدمیطیق وزارتِ عظمیٰ کے عہدے کا حلف اٹھانے کے چند گھنٹے بعد ہی اقتدار کھو بیٹھے۔ پارلیمنٹ کے نائب اسپیکر نے ان کے وزیر اعظم کے طور پر انتخاب کے لیے ہونے والی ووٹنگ کو غیرقانونی قرار دے دیا۔ العر بیہ کے مطا بق فرسٹ ڈپٹی اسپیکر عزالدین العوامی کا کہنا تھا کہ میطیق سب سے زیادہ ووٹ لینے کے باوجود لازمی اکثریتی حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔تاہم سیکنڈ ڈپٹی اسپیکر صالح مخزوم نے بعد ازاں کہا کہ میطیق کو مقررہ اکثریتی ووٹ مل گئے ہیں۔ مخزوم نے میطیق کو آئندہ دو ہفتوں میں نئی حکومت بنانے کی ہدایت بھی کر دی تھی۔ انہوں نے اسمبلی کی ٹیلی وژن پر نشر کی گئی کارروائی کے دوران کہا کہ احمد میطیق باضابطہ طور پر نئے وزیر اعظم ہیں۔اس موقع پر بعض ارکانِ پارلیمنٹ مخزوم کے اس اعلان کی مخالفت میں نعرے لگا رہے تھے۔ اس کے چند گھنٹوں بعد العوامی نے ووٹنگ کو غیرقانونی قرار دے دیا۔ انہوں نے تین ہفتے قبل مستعفی ہونے والے عبداللہ التینی سے کہا وہ اقتدار سنبھالے رکھیں۔اس حوالے سے العوامی نے التینی کو ایک خط لکھا ہے جو کابینہ کی ویب سائٹ پر جاری کر دیا گیا۔ اس خط میں العوامی نے لکھا کہ احمد عمر میطیق قانون کے تحت نئے وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے مقررہ 120ووٹ لینے میں ناکام رہے ہیں۔اس پیش رفت پر احمد میطیق ، مخزوم یا ان حامیوں کی جانب سے کوئی فوری ردِ عمل سامنے نہیں آیا۔ خیال رہے کہ التینی نے اقتدار سنبھالنے کے پہلے مہینے میں ہی استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان کے استعفے کے بعد وزیر اعظم کی کرسی خالی ہو گئی تھی۔ اس کے بعد ہونے والی ووٹنگ کی قانونی حیثیت پر ارکانِ پارلیمنٹ میں شدید اختلاف رہا ہے۔

مزید :

عالمی منظر -