مریم نواز شریف کا حالیہ دورہ جاپان انتہائی کامیاب رہا، مستقبل قریب میں مثبت اثرات ظاہر ہوں گے، شیخ قیصر محمود

دبئی (طاہر منیر طاہر) چیف منسٹر پنجاب مریم نواز شریف کا حالیہ پانچ روزہ دورہ جاپان کے نہ صرف پنجاب بلکہ پورے پاکستان پر مثبت اثرات جلد ظاہر ہوں گے-مریم نواز شریف کے 15 اگست سے 20 اگست تک جاری رہنے والے دورہ کے دوران انہوں نے جاپان کے تین شہروں یوکوہاما، اوساکا اور ٹوکیو کا دورہ کیا اور وہاں کے مختلف سرکاری اداروں کے سربراہوں سے ملاقاتیں کیں-شیڈول ملاقاتوں میں سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون پر بات چیت کی گئی-مریم نواز شریف اور ان کی ٹیم کو جاپان میں خوش آمدید کہنے والے بیشمار پاکستانیوں کے ساتھ مسلم لیگ ن انٹرنیشنل افیئرز کے سابق جنرل سیکرٹری شیخ قیصر محمود اور مسلم لیگ جاپان کے صدر ملک نور محمد اعوان بھی موجود تھے-شیخ قیصر محمود نے اپنے حالیہ دورہ متحدہ عرب امارات کے دوران مریم نواز شریف کے حالیہ دورہ جاپان کے بارے تفصیلات بتاتے ہو ئے کہا کہ یہ دورہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ اور جاپان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے اہم کردار ادا کرے گا-وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے جاپانی سٹیٹ منسٹر مایا جی ٹاکوما اور جاپان پارلیمنٹرین فرینڈشپ لیگ کے چیئرمین سیشیرو ایٹو سے ملاقات کی جس میں زراعت، صنعت اور افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امور زیر غور آئے۔ مریم نواز شریف نے ٹوکیو میں میٹروپولیٹن ایکسپریس وے نیہو باشی سیکشن کابھی دورہ کیا۔اس موقع پر جاپانی اسٹیٹ منسٹر مایا جی ٹاکومانے کہا کہ ہم پاکستان کو دوست ملک کی حیثیت سے ہمیشہ اہمیت دیتے ہیں جبکہ پنجاب میں 120 سے زائد منصوبوں کا آغاز قابل تحسین ہے- جاپان کی ترقی دیکھ کر وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ جاپان معاشی، ٹیکنالوجی اور معاشرتی ترقی کا گہوارہ بن چکا ہے میں جاپان کی ترقی کے ماڈل کو پنجاب میں لاگو کرنا چاہتی ہوں جبکہ ہم قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے جاپان کے تجربات سے بھی استفادہ کریں گے- مسلم لیگ ن انٹرنیشنل افیئرز کے سابق جنرل سیکرٹری شیخ قیصر محمود نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کےدورہ جاپان کی مزید تفصیلات سے آگاہ کرتے ھوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دورہ جاپان کے دوران سوسال سے کام کرنے والی بین الاقوامی جاپانی کمپنی کو پنجاب میں ڈیری کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ موریناگا انٹرنیشنل کمپنی کو نوزائیدہ بچوں کی خوراک سمیت دیگر بیکری مصنوعات اور برآمدی معیار کے گوشت کی مقامی پیداوار میں منصوبوں کی پیشکش بھی کی ہے۔مریم نواز شریف کی ٹوکیو کی پہلی خاتون نائب گورنر ماتسوموتو آکیکوسے ملاقات ہوئی۔ٹوکیو کی پہلی خاتون نائب گورنر ماتسو موتو آکیکو نے پہلی خاتون وزیراعلی بننے پر مریم نوازشریف کو مبارک دی- ملاقات میں پاکستان اور جاپان کی خواتین لیڈرشپ کے درمیان روابط کے فروغ پر اتفاق ہوا۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے بھی محترمہ ماتسو موتو آکیکو کو ٹوکیو کی پہلی خاتون نائب گورنر بننے پر مبارک دی-ملاقات میں پنجاب اور جاپان کے درمیان دوطرفہ تعاون، مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے آغاز پر گفتگو، ستھرا پنجاب کو ٹوکیو کی کلین اتھارٹی کی طرز پر استوار کرنے پر بھی بات چیت کی گئی۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ ہم انفراسٹرکچر، شہری ترقی، قابل تجدید انرجی اور صاف پانی کے شعبوں میں جاپان کے تجربات اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ چاہتے ہیں۔ ملاقات میں مریم نواز نے عوام کو سفر کی بہترین سہولت، پنجاب کو صاف اور سرسبز بنانے کے منصوبوں سے آگاہ کیا- جاپان کے شہر یوکوہاما میں انعقاد پذیر ہونے والی ایک بڑی تقریب میں مریم نواز نے شرکت کی- انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کے پانچ سو سے زائد لوگوں سے خطاب کیااور پارٹی کارکنوں سے ملاقات کی-دورہ جاپان کی تفصیلات فراہم کرنے کے دوران شیخ قیصر محمود کے ساتھ مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات کے پیٹرن چودھری عبدالغفار بھی موجود تھے- انہوں نے چیف منسٹر پنجاب مریم نواز شریف کے حالیہ دورہ جاپان کو انتہائی کامیاب قرار دیا اور کہا کہ اس کے اثرات مستقبل قریب میں مثبت انداز میں ظاہر ہوں گے جس سے عوام الناس کو فائدہ حاصل ہو گا-