وساکھی فیسٹیول، دنیا بھر سے سکھ یاتریوں کی آمد جاری،حفاظتی انتظامات کیلئے ایس او پیز جاری

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )محکمہ داخلہ پنجاب نے وساکھی فیسٹیول پر دنیا بھر سے سکھ یاتریوں کی آمد کے پیش نظر حفاظتی انتظامات کیلئے قواعد و ضوابط جاری کر دیئے ہیں۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق وساکھی فیسٹیول 10 سے 19 اپریل تک منایا جائے گا جس میں دنیا بھر اور پاکستان سے 30 ہزار سکھ یاتری شرکت کریں گے۔ اس دوران بھارت سے 3 ہزار سکھ یاتری وساکھی فیسٹیول کیلئے پاکستان آئیں گے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے فیسٹیول سے قبل تمام گوردواروں اور قیام گاہوں پر مکمل حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے ایس او پیز جاری کیے ہیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ تمام گوردواروں میں واک تھرو گیٹس اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب یقینی بنائی جائے۔ حساس مقامات پر 3 درجاتی سکیورٹی کوور بنایا جائے اور سرچ لائٹس انسٹال کی جائیں۔ ترجمان محکمہ داخلہ نے بتایا کہ سکھ یاتریوں کی نقل و حرکت کے دوران پولیس اور رینجرز باہمی اشتراک سے فرائض سر انجام دیں گے۔ پاور سپلائی کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ گردواروں پر بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں۔ ضلعی انتظامیہ گوردواروں اور قیام گاہوں کے ارد گرد تمام تجاوزات کو فوری ختم کرے۔ ڈویژن اور ڈسٹرکٹ کی سطح پر انٹیلیجنس کمیٹی کے اجلاس بلائے جائیں اور انتظامات کو حتمی شکل دی جائے۔
محکمہ داخلہ کی ہدایت کے مطابق فیسٹیول سے قبل متعلقہ علاقوں میں کومبنگ آپریشنز مکمل کر لیے جائیں گے۔ سپیشل برانچ اور متعلقہ ادارے گردواروں کے احاطے اور قیام کی جگہوں پر نگرانی کریں گے۔ کسی یاتری کو قافلے سے ہٹ کر مقرر شدہ مقامات اور رہائشی علاقے سے علاوہ نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ اپنے کنٹرول رومز کو مرکزی کنٹرول روم سے لنک کریں۔ اس غرض سے لاہور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اٹک اور نارووال میں کنٹرول رومز قائم کیے جائیں گے۔ کسٹمز اور امیگریشن حکام بروقت کلیرنس کیلئے ضروری کاؤنٹرز قائم کریں گے جبکہ ریلوے پولیس تمام یاتریوں کی ٹرینوں کے اندر اور ریلوے اسٹیشنوں پر حفاظت یقینی بنائے گی۔ متروکہ وقف املاک بورڈ اور پاکستان سکھ گوردوارہ پربندک کمیٹی باہمی ہم آہنگی سے تمام آپریشنز میں دیگر اداروں کی معاونت کریں گے۔ پنجاب کے تمام متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ جاری شدہ قواعد و ضوابط اور سیکیورٹی پلان پر من و عن عملدرآمد یقینی بنائیں۔