بھارتی حکومت نے پاکستانی شہری کو سول ایوارڈ کیلئے کیوں نامزدکیا ؟
پشاور ( ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستانی شہری آصف بشیر کو خدمت انسانیت پر بھارتی سول ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی"دنیا نیوز" کے مطابق پشاور سے تعلق رکھنے والے آصف بشیر نے 2024 کے حج کے دوران شدید گرمی میں 17 بھارتیوں سمیت 26 افراد کی جانیں بچائیں جس پر انہیں بھارت کے ممتاز سول ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔
بھارتی حکومت نے آصف بشیر کو ”جیون رکشک ایوارڈ“ دینے کا اعلان کیا ہے اور انہیں 26 جنوری کو ایوارڈ وصول کرنے کی دعوت دی ہے،’جیون رکشک“ ایوارڈ ان افراد کو دیا جاتا ہےجو کسی بھی حادثے میں انسانوں کی جان بچاتے ہیں۔
آصف بشیر یہ ایوارڈ لینے والے خدائی خدمتگار تحریک کے بانی باچا خان کے بعد دوسری پاکستانی شخصیت ہوں گے۔اس حوالے سے پاکستانی شہری آصف بشیر کا کہنا تھا کہ بھارت میں سٹیٹ گیسٹ کا اعزاز ملنا پوری پاکستانی قوم کیلئے ہے، پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کو دکھانے کیلئے کوشاں رہوں گا۔
دوسری جانب وزیر اعظم نے بھی پاکستانی ایوارڈ دینے کیلئے کمیٹی بنادی جس میں وزرات خارجہ اور وزرات مذہبی امور کے افسران شامل ہیں۔
واضح رہے کہ آصف بشیر نے 22 سے 27 جون کے دوران منیٰ میں بطور حج معاون کئی عازمین کی مدد کی، شدید گرمی سے بیہوش 26 عازمین کو کندھے پر اٹھا کر 2 کلومیٹر دور طبی کیمپ منتقل کیا، ان کی کوشش سے 17 افراد کی جان بچی جن میں 16 بھارتی اور 1 برطانوی باشندہ شامل تھا۔