پنجاب کابینہ نے رمضان نگہبان ریلیف پیکیج کی منظوری دیدی، سوا تین کروڑ افراد مستفید ہونگے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت صوبائی کابینہ کے پہلے اجلاس میں رمضان نگہبان ریلیف پیکیج 2024ءکی منظوری دے دی گئی۔
اس پروگرام کے تحت 65 لاکھ سے زائد ریلیف پیکج مستحق لوگوں کے گھروں تک پہنچائے جائیں گے جس سے مجموعی طور پر سوا تین کروڑ افراد مستفید ہوں گے۔
روزنامہ جنگ کے مطابق پنجاب کابینہ نے ضلعی سطح پر سستے رمضان بازار لگانے کی بھی منظوری دی ہے۔
اجلاس میں مریم نواز نے کہا کہ رمضان نگہبان ریلیف ہیمپر میں 10کلو آٹا، 2 کلو چاول، 2 کلو چینی، 2 کلوگھی اور 2 کلوبیسن شامل ہوگا۔وزیراعلیٰ نے اشیائے خوردونوش کی کوالٹی یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کو ٹاسک بھی دیا اور اربن یونٹ اور سپیشل برانچ کی ٹیمز کو فیلڈ سروے کرنے کی ہدایت کی۔مریم نواز شریف نے صوبائی وزراء کو رمضان نگہبان پیکج کی تقسیم کی کڑی مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں پر نظر رکھی جائے، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو باقاعدہ تربیت دی جائے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے تمام وزراء خصوصی طور پر سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے رمیش سنگھ اروڑا کو وزارت کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی۔