پنجاب کے کسان آئیں اور گندم 3900 روپے میں دیں:وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی پیشکش
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی مذاکراتی کمیٹی کے رکن اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ پنجاب کے کسان آئیں اور گندم 3900 روپے میں ہمیں دیں
نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غیر متعلقہ لوگوں سے مذاکرات کی ہمیں کوئی ضرورت نہیں ، انہیں معلوم ہے کون حکومت کر رہا ہے اور کون ڈمی ہے۔ جہاں بات کرنی ہو گی، وہیں کریں گے، سیاسی لوگ اگر سیاسی ہو جائیں تو ان سے مذاکرات ہو سکتے ہیں، مذاکرات ہوں گے تو وہ بانی پی ٹی آئیسے گائیڈ لائن لیں گے۔علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ خوش آئند بات ہے کہ پاکستان میں لاقانونیت کا سلسلہ ٹوٹا ہے، الیکشن کمیشن کی طرف سے بڑی ناانصافی ہوئی تھی، ہماری مخصوص نشستیں دیگرکو دی گئیں، پورے پاکستان میں77 سے زائد نشستیں تھیں جو ہم سے جا رہی تھیں، اب امید ہے کہ یہ نشستیں ہمیں واپس مل جائیں گی اور قومی اسمبلی میں ہماری اکثریت میں اضافہ ہوگا، ان کے پاس دوتہائی کی اکثریت آجاتی تو نہ جانے یہ کیا گل کھلاتے اب یہ رک جائیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ ہم 9 مئی کو ہر حلقے میں ریلیاں نکالیں گے، خیبر پختونخوا کے نئے گورنر سے انہیں بات کرنےکی ضرورت نہیں، صوبے کے حقوق کے لئے وہ وفاق سے بات کرسکتے ہیں، کسی کو صوبے میں گورنر راج لگانے کا شوق ہے تو شوق پورا کر لے۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے پاکستان کے آئین کی پاسداری کا حلف لیا ہے، مجھے علم ہے کہ یہ فارم 47 پر مینڈیٹ چوری کرکے حکومت بنی ہے، میرا ضمیر اجازت نہیں دے رہا تھا کہ ان کی تقریب حلف برداری میں جاو¿ں۔علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ کہا کہ پاکستان کے لئے مذاکرات پر تیار ہیں، بانی پی ٹی آئی ذات کے لئے یا ڈیل کے لئے مذاکرات نہیں چاہتے، مذاکرات کا ماحول ہوگا تو بانی پی ٹی آئی سے مزیدگائیڈ لائنز لوں گا، مجھے علم ہے کہ مذاکرات کس سے کرنے ہیں اور کس کے ہاتھ میں حکومت ہے، اشاروں پر چلنے والوں سے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں، مذاکرات میں پہلی چیز آئین اور قانون کی بالادستی، اداروں کی مضبوطی ہے، بانی پی ٹی آئی نے ثابت کیا ہے کہ ان کا ذاتی ایجنڈا نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا مقصد حکومت نہیں نظریہ اور تبدیلی کی تحریک ہے، 9 مئی میں سب سے زیادہ نقصان ہمارا ہوا ہے، ہم ہر حلقے میں 9 مئی کو ریلی اور جلسہ کریں گے۔ مولانا فضل الرحمان اب حق کی طرف چلنا شروع ہوئے ہیں اچھی بات ہے، مولانا صاحب اب تحریک چلا رہے ہیں اچھی بات ہے ہم خوش آمدید کہتے ہیں۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے پر فوج اور پولیس کو سلام پیش کرتا ہوں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے 16سو ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں،ایک دھیلا نہیں ملا ، سپاہیوں کو بلٹ پروف جیکٹ نہیں بلٹ پروف گاڑیاں دوں گا، مجھے میرے پیسے دیے جائیں گے تو سب سے امیر صوبہ کے پی ہے،300 ارب روپے تمباکو کی مد میں خیبرپختونخوا کے ہیں جو وفاق لے رہا ہے، تمباکو کی مد میں فی کلو 5 روپے ہمیں مل رہے ہیں کیا میں بھکاری ہوں ؟ بجلی کی مد میں خیبرپختونخوا کو 15سو 10 ارب روپے دینے ہیں جو یہ نہیں دے رہے، صوبے کو پوری بجلی دیں میں صوبے میں بجلی کی چوری کو اون کروں گا، آپ بجلی پوری دیں اور صوبے کے ہرسال 110 ارب روپے کاٹیں۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ٹک ٹاک میں شاید میری کارکردگی بہتر نہ ہو لیکن حقائق میں کارکردگی بہتر ہے، کے پی میں ہم نے روٹی کی قیمت کم کی تو نان بائی ایسوسی ایشن نے ہمیں سپورٹ کیا، پنجاب کے کسانوں کا مسئلہ بنا ہوا ہے، کے پی کو گندم چاہئے، پنجاب کے کسان آئیں اور گندم 3900 روپے میں دیں