پاکستان نے اسرائیل کو شکست دے دی
استنبول(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستانی کیوئسٹ محمد آصف آئی بی ایس ورلڈ سنوکر میں اسرائیلی کھلاڑی کو شکست دے دی ۔ترکی کے شہر انتالیا میں جاری ٹورنامنٹ کے راو¿نڈ آف 32 میں پاکستان کے محمد آصف کا مقابلہ اسرائیل کے شاکر روبرگ سے تھا۔ آصف نے پہلا فریم جیت کر برتری حاصل کی لیکن دوسرے فریم میں اسرائیلی کھلاڑی نے 96 کا بریک کھیلتے ہوئے مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا۔ تیسرے فریم میں بھی روبرگ کاکنٹرول رہا اور انہوں نے 1-2 کی برتری اپنے نام کی،تاہم چوتھے فریم میں محمد آصف نے اپنے حریف کو ایک بال بھی پاکٹ میں نہ ڈالنے دی اور مقابلہ 2-2 کردیا۔
اگلے فریم میں اسرائیلی کیوئسٹ نے کامیابی حاصل کرکے ایک بار پھر برتری اپنے نام کی لیکن اس کے بعد آصف نے اسرائیلی کھلاڑی کی ایک نہ چلنے دی اور تین مسلسل فریمز جیت کر بیسٹ آف نائن کا یہ مقابلہ 3-5 سے اپنے نام کرلیا۔ آصف کی کامیابی کا اسکور 9-65، 109-23، 75-47، 0-93، 51-20، 19-62، 17-74 اور 55-66 رہا۔پری کوارٹر فائنل میں محمد آصف آسٹریلیا کے جیمز مفسڈ سے مقابلہ کریں گے جو آج رات پاکستانی وقت کے مطابق نو بجے شروع ہوگا۔