خیبرپختونخوا میں احتجاج کرنیوالے اساتذہ کو معطل کرنے پر عظمیٰ بخاری کا رد عمل آ گیا

خیبرپختونخوا میں احتجاج کرنیوالے اساتذہ کو معطل کرنے پر عظمیٰ بخاری کا رد ...
 خیبرپختونخوا میں احتجاج کرنیوالے اساتذہ کو معطل کرنے پر عظمیٰ بخاری کا رد عمل آ گیا
سورس: فائل فوٹو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ احتجاج کو اپنا آئینی حق سمجھنے والے، اساتذہ کے احتجاج پر بلبلا اٹھے ہیں۔ کے پی حکومت کی جانب سے اساتذہ کو معطل کرنا شرمناک حرکت ہے۔ "فساد گروپ" پنجاب میں کسانوں اور نابینا افراد کو احتجاج کیلئے استعمال کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبرپختونخوا میں احتجاج کرنے والے اساتذہ کو معطل کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے گنڈاپور حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ہر وقت جلسہ جلوس کی آڑ میں فساد گروپ "احتجاج ہمارا حق ہے" کہ نعرے لگاتا ہے۔ یہ لوگ اپنے سیاسی مفاد کے لئے پنجاب میں کبھی کسانوں کو اشتعال کرتے ہیں، کبھی کارکنوں کو تو کبھی نابینا افراد کے کندھے استعمال کر تے ہیں اور ان کو ہلہ شیری دیتے ہیں۔ وفاق اور پنجاب پر چڑھائی کرنے والا اپنے صوبے میں واقعی پرامن احتجاج کرنے والے اساتذہ کو احتجاج کرنے پر معطل کردیتا ہے۔ یہ عمل ان کی منافقت اور دوہرے معیار کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں وفاق پر چڑھائی کرنے والے پولیس اور ریسکیو اہلکاروں کو ترقیاں، مراعات اور اضافی تنخواہیں دی جاتی ہیں۔ پرامن احتجاج کرنے والے اساتذہ کو معطل کردینا شرمناک حرکت ہے جسکی  جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔