پہلا ٹیسٹ، پاکستان نے انگلینڈ کیخلاف 263 رنز بنا لیے ، شان مسعود کا شاندار کارنامہ
ملتان(ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگ میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنا لیے ہیں ۔ پاکستان کی جانب سے شان مسعود نے شاندار 151 رنز کی اننگ کھیلیجبکہ کپتان شان مسعود نے 4 سال کے بعد اپنا سب سے بڑا سکور بھی بنا لیا ہے جبکہ انہوں نے آخری سینچری 2020 میں بنائی تھی ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کافیصلہ کیا جس پر صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے کھیل کا آغاز کیا لیکن صائم ایوب صرف 4 رنز بنا کر اٹکنسن کی گیند کا نشانہ بنے اور پولین لوٹ گئے ۔ ان کے بعد کپتان شان مسعود نے کمان سنبھالی اور شاندار بلے بازی کا مظاہر کرتے ہوئے 151 رنز کی اننگ کھیلی، یہ ان کا 2020 کے بعد اب تک کا سب سے بڑا سکور بھی ہے ، اس دوران وہ خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو سکے تھے ۔
اوپننگ پر آنے والے عبداللہ شفیق نے بھی بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 102 رنز بنائے۔
قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ بڑے سکور کی کوشش کریں گے اور اندازہ ہے کہ بڑی دیر سے جیت نہیں سکے، ہم 3 فاسٹ اور2 سپنرز کے ساتھ کھیلیں گے۔
انگلش اولی پوپ نے کہا کہ پچ میں نمی موجود ہے لہٰذا جلد وکٹیں لینے کی کوشش کریں گے۔ ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ کا فیصلہ ہی کرتے۔
واضح رہے کہ ملتان میں اب تک دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف ایک ایک ٹیسٹ جیت چکی ہیں۔ انگلینڈ سے قبل بنگلا دیش نے پاکستان کو اسکی ہی سرزمین پر 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں وائٹ واش کیا تھا۔
پاکستان پلیئنگ الیون
صائم ایوب، عبداللہ شفیق، کپتان شان مسعود، بابر اعظم، نائب کپتان سعود شکیل، وکٹ کیپر محمد رضوان، سلمان علی آغا، عامر جمال، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد۔
انگلینڈ پلیئنگ الیون
زیک کرالے، بین ڈکٹ، کپتان اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، وکٹ کیپر جیمی اسمتھ، کرس ووکس، گس ایٹکنسن، بریڈن کرس (ڈیبیو)، جیک لیچ اور شعیب بشیر۔