لاہور، وزیر داخلہ محسن نقوی کا پاسپورٹ آفس گارڈن ٹاؤن کا اچانک دورہ ، ایجنٹ مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم ، شہریوں کو طویل انتظار کی زحمت سے نجات مل گئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاسپورٹ آفس گارڈن ٹاؤن سے ایجنٹ مافیا کا صفایا کر دیا گیا جس کے بعد بے پناہ رش ختم ہو گیا اور شہریوں کو طویل انتظار کی زحمت سے نجات مل گئی ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے 24/7 اوپن پاسپورٹ آفس گارڈن ٹاؤن کا اچانک دورہ کیا اوروزیرداخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ بنوانے کے لیے آئے شہریوں سے ملاقات کی۔وزیرداخل نے اکثر شہریوں کے مسائل موقع پر حل کرنے کے لیے احکامات دیئے۔بعض شہریوں نے علاقے میں ایجنٹ مافیا کی شکایات کیں جس پر وفاقی وزیرداخلہ نے فوری نوٹس لیا اور ایف آئی اے کو فی الفور کریک ڈاؤن کا حکم دیا ۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہریوں سے پاسپورٹ بنوانے کے عمل کے بارے میں پوچھا۔شہریوں نے پاسپورٹ بنوانے کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا، وزیرداخلہ مختلف کاؤنٹرز پر گئے اور شہریوں سے گفتگو کی ، اس موقع پرشہریوں نے کہا کہ 24 گھنٹے پاسپورٹ آفس کھلنے سے بے پناہ رش ختم ہو گیا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ شہریوں کی سہولت سب سے زیادہ عزیز ہے،پاسپورٹ ملنے میں تاخیر کی شکایات کا بھی ازالہ کیا جا رہا ہے، شہریوں کا اعتماد میرے لیے اطمینان کا باعث ہے۔