پشاور ہائیکورٹ؛ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کر دی گئی
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو عہدے سے ہٹانےکیلئے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی تاہم عدالت نے درخواست پر اعتراض لگاکر واپس کردی۔
نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو عہدے سے ہٹانے کے لیے درخواست عزیز الدین کاکا خیل ایڈووکیٹ کی جانب سے پشاور ہائیکورٹ میں دائر کی گئی۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ علی امین گنڈاپور نے ہجوم کے ساتھ پنجاب میں کئی جرائم کیے، علی امین گنڈاپور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے غیر قانونی اقدامات کررہے ہیں اور وہ اپنے حلف کی پاسداری نہیں کررہے ہیں جبکہ وزیراعلی وفاق کے خلاف عوام کو اکسا رہے ہیں، وزیراعلیٰ ریاست کو ریاست کے ساتھ لڑوانا چاہتا ہے۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ گورنر اور الیکشن کمیشن کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی برطرفی کا حکم دیا جائے اور انہیں درج مقدمات میں فوری گرفتار کیا جائے۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ علی امین گنڈاپور کو غیر قانونی و غیر آئینی اقدامات سے روک کر وزیراعلیٰ کے عہدے سے ہٹایا جائے۔
درخواست گزار نے اپنی درخواست میں وزیراعلیٰ و گورنر خیبرپختونخوا، وفاقی اور صوبائی حکومت، الیکشن کمیشن اور آئی جی خیبرپختونخوا کو فریق بنایا ہے۔