فردوس شمیم نقوی کیخلاف اُن کی جماعت میں نصف درجن فارورڈبلاک ہیں:مرتضی وہاب
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اورسندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم کیخلاف اُن کی جماعت میں نصف درجن فارورڈبلاک ہیں، پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی خوداپوزیشن لیڈرسے جان چھڑاناچاہتے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ پر بات کرنے سے پہلے وزیراعلیٰ پنجاب کی کاکردگی سامنے رکھیں۔
ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نےفردوس شمیم نقوی کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے عوام تہذیب یافتہ ہیں نہ جانے فردوس شمیم نقوی کی تربیت کہاں ہوئی ہے؟۔اُن کاکہناتھا کہ کراچی کی تعمیرو ترقی کا سفر دیکھ کر فردوس شمیم نقوی حواس باختہ ہیں،اپوزیشن لیڈریہ بتا دیں کراچی کووفاق کے162ارب روپے کب ملیں گے؟ وزیراعلیٰ سندھ پر بات کرنے سے پہلے وزیراعلیٰ پنجاب کی کاکردگی سامنے رکھیں۔اُنہوں نے کہا کہ پوری تحریک انصاف بد زبانی کی شناخت بن چکی ہے،فردوس شمیم نقوی اپنی زبان کو شائستگی کے دائرے میں لائیں، تحریک انصاف کا فاشسٹ رویہ ان کی بد زبانی کا عکاس ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےفردوس شمیم نقوی نے دعوی کیا تھا کہ پیپلز پارٹی میں فارورڈ بلاک بن چکا ہے جبکہ کئی دھڑے بھی بنتے جا رہے ہیں ،پی پی کے لوگوں کو سندھ حکومت کی کارکردگی پر نظر رکھنی چاہئے آج پاپا میاں نے پارٹی کو سکیڑ کر سندھ تک محدود کر دیا،عمران خان کی حکومت نے کرپٹ افراد کو پمپر باندھنے اور ملک چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور کر دیا ہے،جو خود کو شیر کہتے تھے وہ بھی باہر جا رہے ہیں جبکہ اب تو ’’شیرنی ‘‘ بھی باہر جانے کی بات کرنے لگی ہے،اَب وزیر اعلیٰ سندھ کی باری ہے لیکن اِنہیں ہم بھاگنے نہیں دیں گے،وزیر اعلیٰ سندھ کی حرکتیں ایسی ہیں کہ پورا صوبہ اُن کی حرکتوں پر’ نامراد‘ ہو کر رہ گیا ہے۔